سیاستدانوں‘ عدلیہ اور فوج میں ڈائیلاگ کیلئے میکنزم بن سکتا ہے : شہبازشریف

لاہور(خبر نگار)وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستا ن میں 4مارشل لاءلگے اور سیاسی حکومتیں بھی آئیں تا ہم مجموعی صورتحال کے تناظر میں سیاسی حکومتیں عام طو رپر کمزور رہیں-فوجی حکومتیں عوام کی خدمت میں بری طرح ناکام رہیں توسیاسی حکومتوں نے بھی عوام کی صحیح طریقے سے خدمت نہیں کی-عوام کو بھی ان حکومتوں کے بارے میں تحفظات رہے ہیں -ہمیں ان وجوہات کو دیکھنا ہے کہ پاکستان میں ہر چوتھے یا پانچویں برس ہیجانی کیفیت کیوں پیدا ہوتی ہے؟-پاکستان چار اکائیوں ،آزاد کشمیر او رگلگت بلتستان پر مشتمل ہے-یہ سب اکائیاں مل کر ترقی کریں گی تو پاکستان ترقی کرے گا-پاکستان اس لئے نہیں بنا تھا کہ یہاں لوٹ مار ہو اورایک دوسرے کے گلے کاٹے جائیں-ہم سب کا ایجنڈا 21کروڑ عوام کی دل وجان سے خدمت ہونا چاہیے -سیاسی قیادت کو عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنانا چاہےے-جب ہم سب محنت کریں گے تو ہر کوئی ہماری عزت کرے گا - پاکستان کے سامنے ”میں “کی کوئی حیثیت نہیں -پاکستان کو ”ہم “کی طاقت سے آگے لے کر جانا ہوگا-ملک کوبھکاری پن ، ہزیمت،محرومیوں سے دور کرنے کے لئے سب کو اکٹھے چلنا ہوگا اور قربانیاں دینا ہوںگی -غلط راستے پر چلتے رہے تو بھٹکتے رہےں گے-دشنام طرازی ، جھوٹ او رالزام تراشی کی منفی سیاست قوم کی منزل کھوٹی کرتی ہے-عمران نیازی نے میٹروبس کو جنگلا بس کہا او را ب سوا چار برس بعد پشاور میں یہ منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے -عمران نیازی نے یوٹرن مارے ہیں او ر ملک و قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا ہے اور ان کی سیاست جھوٹ کے گرد گھومتی ہے -شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار آج یہاں سے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے صدرسرمد علی کی قیادت میں اے پی این ایس کے وفد سے ملاقات میں کیا- ملاقات میں اخباری صنعت کو درپیش مسائل او رملک کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا -وزیراعلی نے وفد کو اخباری صنعت کے درپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی-وزیر اعلی شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں عوام میں شعور بیدار کرنے کے لئے میڈیا کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے-بعض ٹی وی چینلز کا رویہ غیر ذمہ دارانہ ہے اورایسا غیر ذمہ دارانہ رویہ معاشرے کی ترقی وخوشحالی کے سفر میں خدمت نہیں کررہا-پاکستان کے معاشرے کو توانا کرنا ہے تو میڈیا کو بھی مثبت اور ذمہ دارانہ انداز میں کا م کرنا ہوگا-میڈیا کو اچھے کاموں کی بھرپور تشہیر کرنی چاہےے اورنظام کو مضبوط بنانے کے لئے میڈیا کے موثر کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا -اشرافیہ نے عام آدمی کی فلاح وبہبود کے منصوبوں میں رکاوٹیں کھڑی کی ہےں-انہوںنے کہا کہ بد قسمتی سے معاشرے میں لالچ، حرص، کرپشن اور اقرباپروری نے جڑیں مضبوط کی ہیں-کرپشن اور ناجائز ذرائع سے کمائے گئی دولت پر فخر کیاجاتاہے -کرپشن کا ناسور بے حد وحساب پھیل چکاہے اوراس ناسور نے پاکستان کو دیمک کی طرح چاٹ لیاہے -انہوںنے کہا کہ ماضی میں کرپشن کے میگا سکینڈل سامنے آئے اوریہ میگا سکینڈل نیب کے دفاتر میں پڑے ہوئے ہیں -ان سکینڈلز کی طرف کوئی نہیں دیکھتا -نندی پور ، نیلم جہلم، این آئی سی ایل، اوگرااور رینٹل پاور جیسے کیسوں میں ملک کے خزانے کو لوٹا گیا-مشرف کے دور میں کرپٹ افراد کو سینے سے لگایا گیا -نئی نسل ان کرپشن کے کیسوں کا حساب چاہتی ہے- پاک افواج ایک منظم ترین ادارہ ہے اورہر ادارے کو پاکستان کو مشکلات سے نکال کر آگے لے جانے کی ذمہ داری نبھانا ہے -تمام سٹیک ہولڈرز کو پاکستان کی خاطر ڈائیلاگ کرنا چاہےے-سیاستدانو ں ، عدلیہ اور فوج کے درمیان ڈائیلاگ کے لئے میکنزم بن سکتا ہے- پاکستان کوایٹمی طاقت ہونے کے باوجود امداد کا سہارا لینا پڑتا ہے-ہمیں بھکاری پن سے جان چھڑانا ہے- میں ایڈ کو” ایڈز“ سمجھتا ہوں-ملتان میٹرو کے حوالے سے نیب نے تحقیقات کا آغاز کیا میں نے تو پہلے ہی اپنے حکام سے کہاا کہ وہ نیب کو خط لکھیں انہیں جو ثبوت چاہئیں وہ دینے کے لئے تیار ہیں تاکہ دودھ کا دودھ اورپانی کاپانی ہو-احتساب کرنا ہے تو سب کا بے لاگ احتساب ہونا چاہےے-نندی پور پاور پراجیکٹ کی فائل پیپلز پارٹی کے دور میں بابر اعوان نے 3برس تک دبائے رکھی-منصوبے میں تاخیر کے باعث 20ارب روپیہ غریب قوم کا ڈبویا گیا-معروضی حالات کوسامنے رکھ کر فیصلے اور اقدامات کرنا ہوںگے اور پھر اس پر عملدرآمد کرنا ہو گا۔ جھوٹ،دشنام طرازی و بے بنیاد الزامات لگانے والوں کو اپنے رویوں پر نظرثانی کرنا ہوگی-انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی قیادت میں توانائی منصوبوں کے لئے بہت محنت کی گئی ہے اورریکارڈ مدت میں بجلی کے منصوبے مکمل کئے گئے ہیں-وزیراعلی پنجاب سے ملاقات کرنے والے اے پی این ایس کے وفد میں مجیب الرحمان شامی، حمیدہارون، رمیزہ نظامی، عارف نظامی،سیکرٹری جنرل اے پی این ایس عمر مجیب شامی، نائب صدر مہتاب خان، جائنٹ سیکرٹری منیر جیلانی، فنانس سیکرٹری وسیم احمد اور دیگر سینئر صحافی اور اخباری مالکان شامل تھے۔ وفد نے پنجاب میں اخباری صنعت کے مسائل کے حل کے لئے پنجاب حکومت کی کارکردگی کو سراہا اور کہاکہ اشتہارات کی تقسیم کے حوالے سے پنجاب نے مثالی انداز میں کام کیا گیاہے اوراس ضمن میں محکمہ اطلاعات پنجاب خصوصاًٰ محکمہ تعلقات عامہ بہترین انداز میں کام کر رہا ہے- وفد کے ارکان نے پنجاب کی عوام کی خدمت کے حوالے سے وزیراعلی کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ سماجی شعبوں خصوصا شعبہ صحت کی بہتری کےلئے شہبازشریف نے بڑی محنت کی ہے اور ان کی کارکردگی دیگر صوبوں کے لئے رول ماڈل بن چکی ہے-وزیراعلی نے اخباری صنعت کو درپیش مسائل کے حل کےلئے یقین دہانی کرائی اور کہا کہ وہ اس ضمن میں وفاقی حکومت سے بھی بات کریں گے-اجلاس سے خطاب میں شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کا سالانہ ترقیاتی پروگرام صوبے کے عوام کی پائیدار ترقی و خوشحالی کا آئینہ دار ہے اوراس پروگرام مےں عام آدمی کی فلاح وبہبود کی سکیموں کو ترجیح دی گئی ہے۔635 ارب روپے کے ترقیاتی پروگرام پر عملدآمد سے صوبے میں ترقی کی رفتار میں مزید تیزی آئے گی۔ پسماندہ علاقوں کی ترقی ہماری ترجےحات مےں شامل ہے،اسی لئے جنوبی پنجاب کی ترقی کےلئے رےکارڈ فنڈز رکھے گئے ہیں۔ شہباز شریف نے مقامی اخبار کےسب ایڈیٹرزاہدقیوم کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
شہبازشریف

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...