میونسپل کارپوریشن کا اجلاس شور شرابے ، نعرے بازی کی نذر ، ایجنڈا منظورنہ کرایا جاسکا

Oct 27, 2017

ملتان (خبرنگارخصوصی) میونسپل کارپوریشن ملتان کے اجلاس میں مسلم لیگ ن کے چیئرمینوں کے دو دھڑوں میں تقسیم ہونے کے باعث ایجنڈا منظور نہیں کرایا جا سکا۔ اجلاس عام میں حکومتی و اپوزیشن ممبران کے شورشرابے سے ایوان مچھلی منڈی بن گیا جس سے کارروائی کے بغیر ہی اجلاس ختم کر دیا گیا جبکہ ڈپٹی میئر و کنوینئر منور احسان قریشی کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت اور روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کرلی گئی۔ اجلاس شروع ہوتے ہی حکومتی چیئرمین جلیل خان بابر نے اجلاس کی کارروائی رکواتے ہوئے کہا کہ سابقہ اجلاس میں منظور ہونے والی قراردادوں بارے ایوان کو آگاہ کیا جائے کہ کن قراردادوں پر عملدرآمد ہوا ہے اس مطالبے پر اپوزیشن ممبران جلیل خان بابر کا ساتھ دیتے ہوئے کھڑے ہو گئے جس پر ہائوس میں شورشرابا شروع ہو گیا۔ اس پر رانا سجادحسین اور اپوزیشن ارکان میں تلخ کلامی ہو گئی۔ اپوزیشن لیڈر عدنان ڈوگر نے کہا کہ 19 چیئرمینوں کو ترقیاتی فنڈز نہیں دئے گئے کیا ان علاقوں میں مسلم لیگ ن کے ووٹرز نہیں ہیں ہم اپوزیشن نہیں بننا چاہتے تھے لیکن ہمیں مجبور کر دیا گیا ہے۔ اگر میئر کی طرف سے اپوزیشن کو فنڈز دینا ثابت ہو جائے تو وہ مستعفی ہو جائیں گے۔ اعجاز عرف ججی ڈوگر نے کہا کہ کروڑوں روپے کا فنڈ نااہل صوبائی وزیر کے حلقے میں لگا دیا گیا ہے مویشی منڈیوں و دیگر معاملات میں لاکھوں روپے خوردبرد کئے گئے ہیں اس کا حساب دیا جائے اس پر حکومتی و اپوزیشن ممبران کے درمیان ماحول تلخ ہو گیا۔ محمدرفیق کے بولنے کے دوران اپوزیشن ممبران کھڑے ہوگئے انہوں نے کہا کہ سٹریٹ لائٹس نہیں لگائی جاتیں انسپکٹر طارق کو معطل کیا جائے۔ قربان فاطمہ نے کہا کہ شہر کے مسائل حل نہیں ہو رہے میئر کے لئے اتنا ہی کافی ہے کہ ان کے اپنے چیئرمینوں نے ان پر عدم اعتماد کر دیا ہے۔ جس پر جلیل خان بابر نے کہا کہ ہم مسلم لیگ ن کے ساتھ ہیں اور رہیں گے رانا نعیم نے کہا کہ اپوزیشن کے ارکان رات کو میئر کو ملتے ہیں فنڈز لیتے ہیں جس پر اپوزیشن ممبران کھڑے ہو گئے اور احتجاج شروع کر دیا کہ واسا کے سیورمین چیئرمینوں کو نہیں دئے گئے جس پر ڈائریکٹر ورکس واسا نسیم خالد چانڈیو نے کہا کہ سیورمین اب چیئرمینوں کو رپورٹ کریں گے اعجاز ڈوگر نے کہا کہ میئر حلف دے دیں کہ صفائی کے لئے سینیٹری ورکرز اپوزیشن کو دئے گئے ہیں۔ اپوزیشن استعفا دے دے گی اس پر میئر چودھری نویدالحق ارائیں کھڑے ہو گئے اپوزیشن کو صفائی کے لئے ورکرز دئے گئے ہیں اپوزیشن لیڈر عدنان ڈوگر اس کا حلف دے دیں اس پر اپوزیشن ممبران کھڑے ہو گئے ہائوس میں شورشرابا شروع ہو گیا حکومتی اور اپوزیشن ممبران شور مچاتے بنچوں پر کھڑے ہو گئے جس پر کنوینئر نے اجلاس ہی ختم کر دیا۔

مزیدخبریں