ملتان (نمائندہ خصوصی) محکمہ بلڈنگز کے ذمہ داران کی غفلت‘ نجی ٹیلی فون کمپنیوں اور پی ٹی سی ایل نے وحدت کالونی کی سڑکوں کو اکھاڑنا معمول بنا لیا ہے بتایا جاتا ہے کہ نجی فون کمپنی نے اپنی کیبل بچھانے کا کام وحدت کالونی میں شروع کیا ہوا ہے جس کا این او سی محکمہ بلڈنگز سے حاصل نہیں کیا گیا اور ٹھیکیدار کیبل بچھانے کے لئے سڑکیں اکھاڑ کر غائب ہو جاتا ہے جس کے بعد وحدت کالونی کے مکینوں کو مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔ اسی طرح بطرف شمس آباد وحدت کالونی کے داخلی راستے پر پی ٹی سی ایل ٹھیکیدار نے بھی کیبل خرابی دور کرنے کے لئے این او سی حاصل کئے بغیر سڑک اکھاڑ دی جس پر وحدت کالونی کے مکینوں نے کالونی میں واقع محکمہ بلڈنگز کے دفتر میں شکایت درج کروائی تاہم ان کی شنوائی نہ ہوئی۔