اسلام آباد (محمد نواز رضا+ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ 6 دینی جماعتوں کے اتحاد کیلئے قائم کردہ سٹیئرنگ کمیٹی نے دینی جماعتوں کے اتحاد کیلئے اپنی سفارشات تیار کر لی ہیں۔ کمیٹی نے متحدہ مجلس عمل کی بحالی پر اتفاق رائے کر لیا ہے۔ سٹیئرنگ کمیٹی کا 9 نومبرکو دینی جماعتوں کے سربراہی اجلاس میں اپنی سفارشات پیش کرنے سے قبل انہیں حتمی شکل دینے ایک اور اجلاس ہوگا۔ ایم ایم اے کے آئین میں ترامیم تجویز کی جائیں گی۔ سفارشات کے مطابق دیگر خواہش مند دینی جماعتوں کی ایم ایم اے میں شمولیت کی گنجائش رکھی گئی ہے تاہم ان کی شمولیت دینی جماعتوں کی رضا مندی سے مشروط ہوگی۔ ذرائع کے مطابق ایم ایم اے کو انتخابی اتحادکی شکل دی جائے گی۔ ایم ایم اے کا منشور از سر نو تیارکیا جائے گا۔