اسلام آباد(آئی این پی) پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ جمہوریت کو کوئی خطرہ ہے تو حکومت بتائے ساتھ دیںگے، میاں صاحب ادارو ں کو تصادم کی جانب لے کر جارہے ہیں،شفافیت کا نعرہ لگانے والوں کے کرپشن کے ریکارڈ سامنے آرہے ہیں،اگر توازن نہ ہوتو احتساب کے عمل پر سوال اٹھیں گے،جمہوریت کا راگ الاپنے والے تصادم کے لیے کوشاں ہیں ۔ انہوں نے کہا پیپلزپارٹی کے لیے نیب قوانین اور طرح کے ہیں اور ن لیگ کے لیے اور طرح کے، قبل ازوقت انتخابات یا ان میں تاخیر نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا عدالتیں نوازشریف پر ہلکا ہاتھ رکھتی ہیں،عمران خان کو بھی نوازشریف کی طر ح معافی مل جاتی ہے ۔جمعرات کو قمر زمان کائرہ نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شفافیت کا نعرہ لگانے والوں کے کرپشن کے ریکارڈ سامنے آرہے ہیں،بادشاہ سلامت کی بنائی گئی کمپنیاں آڈٹ سے ماورا ہیں،حکومت صرف نااہل افراد کو بچانے کی فکر میں ہے،نوازشریف باربار کہہ رہے تھے کہ عدالتوں سے نہیں بھاگیں گے،نوازشریف اب عدالتوں میں آنے سے کترا رہے ہیں،خان صاحب سپریم کورٹ آپ کو بلارہی ہے،لیکن آپ پیش نہیں ہورہے۔ انہوں نے کہا عمران خان یوٹرن کے بادشاہ ہیں،عمران خان نے سیاسی بیانیے کو بہت خراب کیا ہے،اگر توازن نہ ہوا تواحتساب کے عمل پر سوال اٹھیں گے۔