کوٹ ادو‘ قصبہ بصیرہ(خبر نگار‘ نامہ نگار) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی شیخ رشید نے کہاہے کہ جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے 30سے زائد ممبران مسلم لیگ ن کو خیر باد کہنے کیلئے تیار بیٹھے ہیں‘انشاء اللہ تین ماہ کے اندر شریف خاندان پر جھاڑو پھیردیا جائیگا۔حدیبہ کیس کا فیصلہ آتے ہی چھوٹا بھائی اندر ہوگا‘قومی خزانے کو لوٹنے والے قوم کے مجرم ہیں‘شیخ رشید نے مزید کہاکہ 40سال سے مسلم لیگ ن میں متبادل قیادت پیدا ہونے نہیں دی۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کے غریب عوام کو جگانے کیلئے وہ دوردراز اور دیہی اور پسماندہ علاقوں کا دورہ کررہے ہیں تاکہ آئندہ الیکشن میں وہ2013ء کی غلطی کو نہ دہراسکیں‘نواز شریف کے بیٹوں کے لندن کے مہنگے ترین علاقے مئے فیر میں 8سو کروڑ روپے کے چارفلیٹ ہیں ملک میں چوروں ڈاکوئوں کی حکومت ہے وسائل 8خاندانوں کا قبضہ ہے۔ وہ حکمرانوں کی گیدڑ بھبکیوں سے نہیں ڈرتے‘وہ حق اور سچ کی آواز عوام تک پہنچاتے رہیں گے‘انہوںنے کہاکہ وہ سی پیک کے حامی ہیں‘مگر ملتان میں بے قاعدگی میں حکمران اور چینی کمپنی جو بھی ملوث ہے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے چین میںکرپشن پر گولی ماردی جاتی ہے‘یہاں کرپشن پر حکمران دندناتے پھر رہے ہیں‘ختم نبوت کے حلف نامے پر جان بوجھ کر غلطی کی گئی‘۔پریس کلب کوٹ ادو میں پریس کانفرنس میں حکمرانوں کو نوشتہ دیوار پڑھ لینی چاہیے‘اب شریف خاندان رسوا اور برباد ہوگا‘اس موقع پر عوامی راج پارٹی کے چیئرمین جمشید دستی ایم این اے نے بھی خطاب کیا۔شیخ رشید جمشید دستی کے ہمراہ پریس کلب آئے اور جمشید دستی کوبھول گئے اور بار بار مرحوم امجد دستی سابق ایم پی اے کا نام لیتے رہے لوگوں کے یاد دلانے پر بھی جمشید دستی کو امجد دستی ہی کا نام لے کر بلاتے رہے ، عمران خان اور جہانگیر ترین کے بارے میں شیخ رشید نے کہا کہ ان کو کچھ بھی نہیں ہو سکتا ،اور وہ عدالتوں سے ایسے کلیئر ہوں گے ،جیسے دودھ سے مکھی نکال لی جاتی ہے، پریس کلب میں شیخ رشید نے نہ تو کسی صحافی کو سوال کرنے دیا اور نہ ہی کسی کے سوال کا جواب دیا۔علاوہ ازیں شیخ رشید نے قصبہ بصیرہ میں اکرام خان قلندرانی کی رہائش گاہ پر اجتماع سے بھی خطاب کیا وہ پی ٹی آئی کے صوبائی رہنمائوں اشرف خان رند کے ڈیرے پر بھی گئے۔