کابل (صباح نیوز)افغانستان میں امریکی قیادت کی بین الاقوامی فورسز نے مقامی فورسز کے ساتھ رابطے کا اپنا طریقہ کار عارضی طور پر تبدیل کر دیا۔ افغانستان میں نیٹو مشن کے ایک ترجمان نے غیرملکی خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر نیٹو مشن نے امریکیوں اور دوسرے غیر ملکی فوجیوں کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے فوری طور پر اقدامات کیے ۔ترجمان کرنل کناٹ پیٹر نے افغان سیکیورٹی اہل کاروں کی جانب سے اپنے غیر ملکی شراکت داروں پر فائرنگ کے حالیہ واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دوست فورسز پر حملوں کے بعد یہ اقدامات عموما بالمشافہ رابطے محددو کرنے سے متعلق ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم دہشت گردوں کے خلاف اپنی کارروائیاں روک نہیں رہے، لیکن ہم مقامی فورسز سے اب فاصلے پر رہتے ہوئے رابطے کریں گے۔