اسلام آباد (نامہ نگار) حکومت نے اسلام آباد کی تین بڑی سرکاری جامعات کے سربراہان کی تعیناتیاں کر دی ہیں، پروفیسر ڈاکٹر محمد علی کو وائس چانسلر قائداعظم یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم کو علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور پروفیسرڈاکٹر معصوم یاسین زئی کو ریکٹر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی تعینات کیا گیا ہے۔یہ تعیناتیاں چار سال کے لئے کی گئی ہیں، تینوں جامعات کے سربراہان ایک ماہ قبل اپنی مدت ملازمت مکمل ہونے پر ریٹائرڈ ہو گئے تھے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سرچ کمیٹی کی طرف سے ان عہدوں کے لیے بھیجے گئے تین تین ناموں کی سمری میں سے ان امیدواروں کے انٹرویوز کے بعد حتمی ناموں کی منظوری دی جس کے بعد وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ وارنہ تربیت نے تعیناتیوں لے نوٹیفیکیشنز جاری کیے ہیں۔ جس کے مطابق پروفیسرڈاکٹر محمد علی کو وائس چانسلر قائداعظم یونیورسٹی تعینات کیا گیا ہے، اس سے قبل پروفیسر ڈاکٹر محمد علی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں وائس چانسلر تھے، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم کو علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا وائس چانسلر تعینات کیا گیا، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم یونیورسٹی آف گجرات کے وائس چانسلر رہ چکے ہیں جبکہ پروفیسر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی کو ریکٹر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی تعینات کیا گیا ہے ڈاکٹر معصوم یاسین زئی اسی جامعہ کے ریکٹر رہ چکے ہیں۔