لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے داتا دربار میں واش رومز کی بحالی کے لیے دائر درخواست پر محکمہ اوقاف کو عرس سے پہلے واش روم بحال کرنے کا حکم دے دیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے درخواست پر سماعت کی درخواستگزار وکیل نے موقف اختیار کیا کہ داتا دربار کا عرس قریب آرہا ہے لیکن واش روم بحال نہیں ہو رہے۔ شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ عدالت داتا صاحب کے عرس سے پہلے واش روم بحال کرنے کا حکم دے۔ عدالت نے واش روم بحال کرنے کا حکم دیتے ہوئے عمل درآمد رپورٹ طلب کر لی ہے۔ علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ نے داتا دربار پارکنگ کے لئے بیسمنٹ کھولنے کے لئے دائر درخواست پر ایس پی سٹی پولیس کا جواب مسترد کر دیا اور ڈی آئی جی آپریشن اور ایس پی سٹی کو 5 نومبر کو طلب کر لیا ہے۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ داتا دربار سے تجاوزات ختم نہیں کرائی جا رہیں اور پولیس کی جانب سے داتا دربار کی بیسمنٹ کو پارکنگ کے لیے استعمال نہیں کرنے دیا جا رہا۔ عدالت تجاوزات ختم کروانے اور داتا دربار کی بیسمنٹ کھولنے کا حکم دے۔ لاہور ہائیکورٹ نے پولیس حکام کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا اگر داتا دربار کے باہر سکیورٹی کی وجہ سے کوئی مسئلہ ہو گیا تو کون ذمہ دار ہو گا عدالت نے سول ایوی ایشن حکام اور لاہور میں پارکنگ کے لیے بیسمنٹ استعمال کرنے والی 44 عمارتوں کے سکیورٹی افسروں کو طلب کرتے ہوئے سماعت 5 نومبر تک ملتوی کردی۔
لاہور ہائیکورٹ کا داتا دربار واش رومز بحالی کا حکم، پارکنگ بیسمنٹ کیلئے پولیس حکام طلب
Oct 27, 2018