اسلام آباد (سپیشل رپورٹ + سٹاف رپورٹر + ایجنسیاں) 2018 ءکے انتخابات کے بارے میں یورپی یونین کے آبزرور مشن نے اپنی حتمی رپورٹ گزشتہ روز جاری کر دی ہے۔ رپورٹ میڈیا کو پیش کرتے ہوئے یورپی یونین کے آبزرورز مشن کے سربراہ جرمنی کے مائیکل گہلر نے کہا کہ 25 جولائی کے انتخابات میں دھاندلی کے بارے میں اپوزیشن جماعتوں نے جو الزامات لگائے ہیں ان کی تحقیقات کیلئے ایک پارلیمانی کمیٹی بنا دی گئی ہے اس لئے اب ہمیں اس پارلیمانی کمیٹی کی رپورٹ کا انتظار کرنا چاہئے۔ مائیکل گہلر نے کہا کہ ہم نے جو حتمی رپورٹ دی ہے اس میں یہ سفارش کی ہے کہ پاکستان میں انتخابات سویلین انتظامیہ کے تحت ہونا چاہئے۔ انتخابی مواد کے اکٹھا کرنے اندراج اور نتائج مرتب کرنے کا نوے فیصد عمل مثبت رہا۔ پولنگ سٹیشن کے باہر فوج کے تعین سے تحفظ کا احساس بڑھتا ہے۔اسلام آباد سے سٹاف رپورٹر کے مطابق پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے یورپی یونین کے چیف انتخابی مبصر مائیگل گہلر نے جمعہ کے روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق طرفین نے عام انتخابات کے کامیاب انعقاد اور مسلسل تیسر ی بار اقتدار کی پرامن انداز میں جمہوری طور پر منتخب حکومت کو منتخب حکومت کی منتقلی پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے عام انتخابات 2018 کے بارے میں یورپی یونین کی حتمی جائزہ رپورٹ کی نقل وزیر خارجہ کے حوالے کی۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو پیش کی۔ بعدازاں یورپی یونین الیکشن آبزرور مشن نے پاکستان میں عام انتخابات 2018ءکے حوالہ سے مرتب کردہ رپورٹ سپیکر قومی اسمبلی کو پیش کر دی ہے جبکہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے جو مثالی قربانیاں دی ہیں دنیا نے وہ پذیرائی نہیں دی جس کا پاکستان مستحق ہے۔ وہ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں یورپی یونین الیکشن آبزرور مشن کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو صحیح معنوں میں عوام کا ترجمان بنانے میں اپنا کردار ادا کروں گا، تعلیم، صحت، ماحولیات، احتساب اور کرپشن کا خاتمہ ہماری اولین ترجیحات ہیں، کرپشن کے خاتمہ کے بغیر کوئی معاشرہ آگے نہیں بڑھ سکتا۔ دریں اثنا یورپی یونین کے چیف الیکشن مبصر مائیکل گہلر نے وفد کے ہمراہ تحریکِ انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں تحریکِ انصاف کے سیکرٹری جنرل ارشد داد سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر جین فرانکیوز کاوّنٹین بھی ہمراہ تھے۔ تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اعزاز آصف اور دیگر بھی موجود تھے۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق یورپی وفد نے انتخابات میں کامیابی پر تحریکِ انصاف کی قیادت کو مبارکباد دی۔ مزید برآں مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما راجہ ظفرالحق سے یورپی یونین کے وفد نے چیف الیکشن مبصر مائیکل گہلر کی قیادت میں ملاقات کی اعلامیہ کے مطابق راجہ ظفرالحق نے مبصرین کو عام انتخابات سے متعلق تحفظات سے آگاہ کیا۔
یورپی یونین آبزرور