ملتان (نامہ نگار خصوصی )ڈاکٹر غضنفر علی خان ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (پلاننگ) نے کہا ہے کہ تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے زیادہ پیداواری صلاحیت کے حامل بیجوں کی تیاری اور پیداواری لاگت میں کمی کے نئے طریقے متعارف کروانا وقت کاتقاضا ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے مطابق کپاس،گندم،چاول،گنا،دالوں اور سبزیوں کے ترقی دادہ بیج متعارف کرائے جائیں۔ یہ بات انہوں نے مینگوریسرچ انسٹیٹیوٹ میںمحکمہ زراعت ملتان کے ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ ہیڈز کی سالانہ کارکردگی 2017-18 کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میںڈائریکٹر ز شہزاد صابر، ڈاکٹر سبحانی، مسعود قادر، ڈاکٹر صغیر احمد، ظفر اللہ سندھو، ملک اللہ بخش، ڈپٹی ڈائریکٹرز میاں منظور احمد، جمشید خالد سندھو، اطلاعات نوید عصمت کاہلوں سمیت محکمہ زراعت کے مختلف شعبہ جات کے ڈویژنل ڈائریکٹر ز ودیگر افسران شریک تھے۔ ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (پلاننگ) نے اہداف مکمل کرنے والے افسران کی کارکردگی کو سراہا جبکہ بُری کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران سے ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔