راولپنڈی (آئی این پی)پنجاب نے پٹینگولر کپ انڈر 19ٹی 20کپ 2018-19کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا، فاتح ٹیم نے فیصلہ کن معرکے میں بلوچستان کو 29 رنز سے شکست دی۔ بلوچستان کی ٹیم 162کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 132رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ پنجاب کی جانب سے محمد سلمان شفقت نے 4کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ فہد منیر کو 64 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے پر مرد میدان قرار دیا گیا۔پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پٹینگولر کپ انڈر 19 ٹی 20 کپ کے فائنل میں پنجاب انڈر 19 نے بلوچستان انڈر 19 کو دلچسپ مقابلے کے بعد 29 رنز سے ہرا کر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا، بلوچستان کے کپتان محمد جنید نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔ پنجاب کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنائے، فہد منیر نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 47 گیندوں پر 64 رنز کی اننگز کھیلی، قاسم اکرم 48 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے۔اختر شاہ، محمد شاہد، بلال خان اور عامر علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ بلوچستان کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 17.2 اوورز میں 132 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، اشعر بھٹی 32 ، محمد جنید 23 اور عبدالوحید 15 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پنجاب کی جانب سے محمد سلمان شفقت نے چار اور شیراز خان نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ فہد منیر کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔