صدراور وزیراعظم کامقبوضہ کشمیر کیلئے پاکستان کی غیرمتزلزل سفارتی حمایت کااعادہ

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم پاکستان نے شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے منصفانہ نصب العین کے لئے ہماری غیرمتزلزل اورمستقل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رہے گی، اقوام متحدہ کی حالیہ رپورٹ میں کشمیر میں بھارتی بربریت کی تصدیق کی گئی، اقوام متحدہ بھارتی مظالم کی تحقیقات کیلئے کمیشن قائم کرے،27 اکتوبر کو بھارت نے کشمیریوں کے بنیادی حقوق سلب کیے۔تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیری بھارتی قبضے اور جارحیت کے اکہتر برس مکمل ہونے کےخلافیوم سیاہ منایا گیا ، اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم پاکستان نے اپنے پیغامات میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔صدرڈاکٹرعارف علوی نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے اپنے بھائیوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اوراس عزم کااعادہ کیاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے منصفانہ نصب العین کے لئے ہماری غیرمتزلزل اورمستقل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رہے گی۔اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ یہ حمایت حق خودارادیت کے آئینی اور قانونی حق کے استعمال تک جاری رہے گی، ساتھ ہی صدر مملکت کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اپنی متعدد قراردادوں میں یہ تسلیم کرچکی ہے کہ کشمیریوں کو شفاف اورغیرجانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیاجائے۔وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیرکے یوم سیاہ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947 جنوبی ایشیاکی تاریخ کا المناک دن ہے، بھارت نے اس روز جموں و کشمیر میں فوجیں اتاریں۔ انہوں نے کہا بھارت کا کشمیر پر قبضہ عالمی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے، بھارت 7 دہائیوں سے جموں و کشمیر پر قابض ہے۔عمران خان نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے، بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق رائے دہی دے۔

ای پیپر دی نیشن