اسلام آباد (نیوز رپورٹر) نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے جے یو آئی (ف) کے اہم رہنما اور سابق سینیٹر حافظ حمد اللہ کی پاکستانی شہریت منسوخ کردی۔ پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نادرا نے جمعیت علما اسلام (ف) کے سابق سینیٹر حافظ حمد اللہ کی شہریت ختم کرتے ہوئے انہیں غیر ملکی شہری قرار دیا ہے۔ نادرا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ حافظ حمد اللہ صبور پاکستانی شہری نہیں ہیں، نادرا نے حافظ حمد اللہ کا قومی شناختی کارڈ بھی منسوخ کرکے ضبط کرلیا۔ نادرا کی طرف سے آگاہی پر پیمرا نے بھی ٹی وی چینلز پر حافظ حمداللہ کی کوریج کرنے پر پابندی عائد کردی۔ پیمرا کے نوٹس میں ٹی وی چینلز کو یہ ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حافظ حمد اللہ کو پروگرام اور ٹاک شوز میں نہ بلائیں۔