ننکانہ صاحب (نوائے وقت نیوز) وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ نوازشریف جہاں سے علاج کرانا چاہیں کرا سکتے ہیں۔ سابق وزیراعظم کو بیماری کی وجہ سے ضمانت ملی۔ کوئی پکڑ دھکڑ نہیں ہو رہی۔ پرتشدد مظاہرے ہوئے تو بدقسمتی ہوگی۔ وفاقی وزیرداخلہ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا مولانا کو آزادی مارچ مقبوضہ کشمیر میں کرنا چاہئے۔ پاکستان میں آزادی مارچ کرکے کس سے آزادی لینی ہے۔ پکڑ دھکڑ کی خبریں غلط ہیں۔ کسی کو نہیں پکڑا جا رہا۔ اگر پرتشدد مظاہرے ہوئے تو ہماری بدقسمتی ہوگی۔ اعجاز شاہ کا کہنا تھا نوازشریف کو بیماری کی وجہ سے ضمانت ملی۔ وزیراعظم نے کہا ہے جہاں جانا چاہیں یا علاج کرانا چاہیں کروا سکتے ہیں۔ تحریک انصاف کسی کی بیماری پر سیاست نہیں کرتی۔ دریں اثناء ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی جانب سے ڈسٹرکٹ کونسل ہال ننکانہ میں ہیپاٹائٹس کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو ہیپاٹائٹس سے محفوظ بنانا ہمارا عزم ہے،فطرت کے قریب تر روایتی اور صحت مند طرز زندگی اپنا کر ہیپاٹائٹس و دیگر مہلک امراض سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔ضلع ننکانہ میں 70 فیصد اموات کی وجہ ہیپاٹائٹس،ہارٹ اٹیک ودیگر مہلک امراض ہیں۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر ننکانہ راجہ منصور احمد، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اسماعیل الرحمٰن کھاڑک، پیر احمد حسن شاہ، شہزاد خالد مون خان، ایڈیشنل سیکرٹری، ڈی جی ہیلتھ کیئر سروسز پنجاب ڈاکٹر ہارون جہانگیر، ڈاکٹرحسن محمود نمائندہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن ،ڈاکٹر عرفان احمد نمائندہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن ، ڈاکٹر خالد محمود پروگرام مینجر ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام پنجاب، ڈاکٹر ماہین ڈپٹی پروگرام مینجر ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام پنجاب لاہور،ڈاکٹر شکیل احمد شاہد چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی سمیت ضلعی انتظامیہ کے تمام افسروں نے شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر (ر) اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ شہری کو کسی دوسرے پر بھروسہ کرنے کی بجائے صحت مند طرز زندگی اپناتے ہوئے خود ہی اپنا خیال رکھیں۔ عالمی ادارہ صحت اور ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام پنجاب کے تعاون سے ہیپاٹائٹس کے مائیکرو لیول تک خاتمے کے لیے ایک پائلٹ پروجیکٹ پروگرام لانچ کر دیا گیا ہے انہوں نے مزید کہا کہ ننکانہ صاحب کو ہیپاٹائٹس فری ضلع بنانا میرا عزم ہے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد نے بابا گورونانک انٹرنیشنل یونیورسٹی کی تقریب کے سنگ بنیادکے حوالے سے کیے گئے انتظامات چیک کرنے کے سلسلہ میں یونیورسٹی والی جگہ کا دورہ کیا ، ڈپٹی کمشنر ننکانہ راجہ منصور احمداور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اسماعیل الرحمٰن کھاڑک کے علاوہ متعلقہ محکموں کے افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔