لاہور(نیوزرپورٹر) سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی حالت مکمل طور پر تشویش سے باہر نہ آسکی ، انہیں آکسیجن لگائی گئی ہے ، میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کی انجیو گرافی نہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سروسز ہسپتال میں زیر علاج پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو انجائنا کی تکلیف کے سبب کرائے گئے ٹراپ ٹی ٹیسٹ میں انہیں دل کا دورہ پڑنے کی تصدیق ہوئی ہے، پلیٹ لیٹس کی کمی کے باعث نواز شریف کے جسم پر خون کے دھبے بن گئے، انہیں شوگر اور بلڈ پریشر کی بیماری بھی لاحق ہے، میڈیکل بورڈ نے اْن کی انجیو گرافی نہ کرانے اور پلیٹ لیٹس کی ادویات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔ پروفیسرڈاکٹر محمود ایاز کا کہنا ہے کہ پلیٹ لیٹس کی کمی اور گردوں کے ٹیسٹ نارمل نہ ہونے سے نواز شریف کی انجیو گرافی نہیں ہوسکتی ، ڈاکٹر طاہر شمسی کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس اگلے ہفتے تک ڈیڑھ لاکھ ہوجائیں گے۔ دوسری جانب سروسز ہسپتال انتظامیہ نے نواز شریف سے ملاقاتوں پر پابندی لگادی، صرف فیملی ممبران نوازشریف سے ملاقات کرسکیں گے،نواز شریف سے ملاقات کیلئے آنے والے اپنے تاثرات درج کریں گے، لوگوں کے تاثرات سے میاں نواز شریف کو آگاہ رکھا جائے گا،۔پاکستان میں چینی سفارتخانے کی جانب سے نواز شریف کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا ہے۔ چینی سفارتخانے کی جانب سے نواز شریف کیلئے گلدستہ بھجوایا گیا ہے۔
نوازشریف/ طبیعت
لاہور(نیوزرپورٹر) صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ نواز شریف کو معمولی ہارٹ اٹیک ہوا تاہم اس سے دل کے پٹھے متاثر نہیں ہوئے۔ ان کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 45 ہزار ہوگئی، بلڈ پریشر اور شوگر کنٹرول میں ہے، لاہور میں میڈیا سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی بیماری کی تشخیص ہوگئی۔ میڈیکل بورڈ کی مشاورت سے نواز شریف کو ادویات دی جا رہی ہیں اور علاج جاری ہے۔ نواز شریف کو گزشتہ رات انجائنا کی تکلیف ہوئی، نواز شریف کا بون میرو نظام ٹھیک کام کر رہا ہے، نواز شریف کی پہلی اور اب کی ای سی جی میں فرق نہیں آیا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا ن لیگ والوں کو نواز شریف کی صحت پر سیاست نہیں کرنی چاہیے، نواز شریف عرصہ دراز سے دل کے عارضے میں مبتلا ہیں، نواز شریف میڈیکل بورڈ کے علاج سے مطمئن ہیں، جو شخص ایک بار دل کا مریض ہو جائے وہ ہمیشہ خطرے میں ہوتا ہے۔ یاسمین راشد نے کہا کہ نوازشریف کے گزشتہ روز ٹیسٹ کیے گئے ان کے خون میں پلیٹ لیٹس 45 ہزار ہوگئے ہیں۔