اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے )وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کی پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ آمدچیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی، مرکزی سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی،مرکزی نائب صدر زاہد حسین کاظمی اور مرکزی سیکرٹری مالیات سردار اظہر طارق سے ملاقات کی،مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان نے مرکزی نائب صدر زاہد حسین کاظمی کو بطور ایڈمنسٹریٹر مرکزی سیکرٹیریٹ ذمہ داریاں سنبھالنے پر خصوصی مبارکباددی اورنیک تمنائوں اور خواہشات کا اظہارکیا، ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہاحکومت میں آنے کے بعد بھی تحریک انصاف بطور جماعت خود کو منظم اور متحرک رکھے ہوئے ہے، مرکزی سیکرٹیریٹ میں عوام کی آمد و رفت تحریک انصاف کی مقبولیت اور عوام کے اعتماد کی مظہر ہے،رابطہِ عوام میں کوئی جماعت پہلے تحریک انصاف کی برابری کرتی نہ آئندہ کرسکے گی، انہوں نے کہا چند شکست خوردہ گروہ ذاتی ایجنڈے کیلئے سیاست میں طلاطم برپا کرنے کے خواہاں ہیں،عوام انتشار والوں کے نہیںبلکہ کلی طور پر تعمیر کیلئے کوشاں تحریک انصاف کیساتھ ہیں،چیف آرگنائزر پاکستان تحریکِ انصاف سیف اللہ خان نیازی کا کہنا تھا وزیراعظم کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت کی محنت بارآور ثابت ہونا شروع ہو گئی ہے، کاروبار میں آسانی کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی 28 درجے بہتری یقیناً انتہائی محنت کا ثمر ہے،کرنٹ اکائونٹ،زرمبادلہ کے ذخائراوردرآمدات وبرآمدات سمیت بیشتر معاشی اشاریے معیشت میں بتدریج کی خبر دے رہے ہیں،مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے دی گئی تفصیلات کے مطابق مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان تحریکِ انصاف عامر محمود کیانی نے کہا سیاست میں تشدد کی آمیزش جمہوریت کیلئے تباہ کن ثابت ہوتی ہے، جمہوریت کی بقاء و سلامتی کا کافی دار و مدار اہل سیاست کے رویوں اور طرز عمل پر ہے، تحریک انصاف کے مینڈیٹ سے انکار جمہور کے مینڈیٹ کی توہین اور آئین و جمہوریت سے فرار کے مترادف ہے،علاوہ ازیں وزیر ہوابازی کا مرکزی نائب صدر و ایڈمنسٹریٹر زاہد حسین کاظمی کے ہمراہ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کا بھی دورہ کیا اور ذمہ داران سے ملاقات کی اور تحریک انصاف کے بیانیے کی ترویج و اشاعت میں مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
چند لوگ ذاتی ایجنڈا کیلئے سیاست میں طلاطم برپا کرناچاہتے ہیں: غلام سرور خان
Oct 27, 2019