غزہ (اے پی پی+ صباح نیوز) غزہ کی پٹی میں ہونے والے ہفتہ وار احتجاجی مظاہروں کے دوران اسرائیلی ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) کے ساتھ ہونے والی جھڑپوں میں 81 فلسطینی شہری زخمی ہو گئے۔فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق زخمیوں میں 11 بچے اور طبی افسران بھی شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق37 افراد بندوق کی گولی لگنے سے زخمی ہوئے جبکہ 29 افراد کو ربڑ کی گولیاں لگیں۔زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔دوسری جانب اسرائیلی جیلوں میں 5 فلسطینی اسیران کی بھوک ہڑتال جاری ہے۔ طویل بھوک ہڑتال کے باعث ان قیدیوں کی زندگی شدید خطرات سے دوچار ہے۔ مشرقی بیت المقدس کے علاقے ابودیس کے 30 سالہ اسماعیل علی 94 دن سے بھوک ہڑتال پر ہیں۔ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی ریاست کے جرائم میں برابر کا شریک ہے۔انہوں نے غیرجانبدار تحریک کی فلسطین کمیٹی کے اجلاس میں کہا کہ انتہا پسندی کی امریکی یک طرفہ پالیسی جو بین الاقوامی قوانین کو نظرانداز کرتی ہے کے فلسطینی عوام کے خلاف تباہ کن نتائج برآمد ہوئے۔انہوں نے غیرجانبدار تحریک سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی کاز کو کمزور کرنے کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ واشنگٹن اور تل ابیب کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ جب تک فلسطین پر اسرائیل کا ناجائز قبضہ اور تسلط ختم نہیں ہوجاتا اس وقت تک خطے میں دیر پا امن قائم نہیں ہوسکتا۔
غزہ: اسرائیلی فوج کی فائرنگ، 81 فلسطینی مظاہرین زخمی، ٹرمپ صہیونی جرائم میں برابر کے شریک ہیں: ایرانی وزیر خارجہ
Oct 27, 2019