عمران خان کرپٹ عناصر کیساتھ ڈیل کا سوچ بھی نہیں سکتے، اسلم اقبال

لاہور(نیوزرپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کرپٹ عناصر کے ساتھ ڈیل کا سوچ بھی نہیں سکتے کسی قسم کی کوئی ڈیل نہیں ہورہی، نوازشریف کے علاج کے لئے باہر جانے کا فیصلہ عدالت کرے گی۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے ڈاکٹرزکا پینل موجود ہے، وہی رپورٹ بارے بتا سکتا ہے۔ مولانا فضل الرحمن ڈیڑھ سال پہلے بے روزگار ہوگئے، اب وہ روزگار ڈھونڈنے کے لئے سڑکوں پر ہیں اور دوسری تھکی ہوئی جماعتوں کی مدد لے رہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن اب جتنی مرضی چھلانگیں مار لیں اب انہیں روزگار نہیں ملے گا۔ مولانا فضل الرحمن جس ایجنڈے پر ہیں قوم اسے جان چکی ہے، آزادی مارچ کو عوام نے مسترد کر دیا ہے۔ میں اسلم اقبال نے کہا تھا کہ نواز شریف کو اللہ پاک صحت دے، باہر جانے کا فیصلہ عدالت کرے گی اور جو عدالت کا فیصلہ ہوگا اسے حکومت تسلیم کرے گی۔ لیکن نوازشریف سے ڈیل والا کوئی کام نہیں ہو رہا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ امن وامان کے ساتھ مارچ کیا گیا تو رکاوٹ نہیں ڈالیں گے، لیکن اگر مسلح جتھے لائے گئے تو قانون اپنا راستہ خود اپنائے گا۔ دریں اثناء سنٹرماڈل سکول سمن آباد میں سائنس میلے کے حوالے سے تعریفی اسناد تقسیم کرنیکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں اسلم اقبال نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں قومی معیشت استحکام اور ملک ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے اور یہی بات اپوزیشن کیلئے خوب اور پریشانی کا باعث ہے۔ مولانا نے کشمیر کے مسئلے پر توجہ ہٹانے کیلئے آزادی مارچ اور دھرنے کا شوشا چھوڑا ہے اور ملک کو دنیا میں مسلح ہاتھوں کے ذریعے بدنام کرنے کی کوشش کی ہے۔ پاکستان گرے لسٹ سے نکلنے کی جدوجہد کر رہا ہے ۔ لیکن مولانا مسلح جتھے دکھا کر ملک کو بلیک لسٹ میں ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں قوم نے 2018ء کے انتخابات میں ان لوگوں سے آزادی حاصل کر لی اب کسی آزادی مارچ کی ضرورت نہیں رہی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے گزشتہ ایک سال کے دوران سابق ادوار میں لئے گئے قرضوں میں سے 10 ارب ڈالر کے قرضے واپس لئے ہیں۔ عمران خان نے ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے برسوں جدوجہد کی ہے وہ کرپٹ عناصر کے ساتھ ڈیل کا سوچ بھی نہیں سکتے نوا زشریف کی صحت پر سیاست نہیں کرنی چاہئے دلی دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ نوا زشریف کو تندرستی دے ۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر صنعت و تجارت و اطلاعات میاں اسلم اقبال لاہور میں چینی قونصیلٹ بھی گئے اور چینی قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن سے ملاقات کی ملاقات میں پنجاب میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سپیل اکنامک زونز کے قیام اور چین کی مختلف کمپنیوں کی پنجاب میں سرمایہ کاری کے امور پر گفتگو ہوئی۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...