لاہور ( سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کا ترقی کا سفر شروع ہونے سے پہلے ہی ختم ہوگیا ہے۔ حکومت نے ایک دن کے لیے بھی نظا م کو چلانے میں سنجیدگی نہیں دکھائی۔ حکمرانوںکی الٹی سیدھی حرکتوں اور بیانات سے سیاسی انار کی میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔ وزیراعظم نے حکومت میں آنے سے پہلے اور بعد میں اپنے اعلانات اور وعدوں پر عمل نہیں کیا۔ حالات تیزی سے بگاڑ کی طرف جا رہے ہیں، لگتا ہے پی ٹی آئی یتیم ہوگئی ہے۔ حکومت کا کام راستے بند کرنا نہیںکھولنا ہوتا ہے۔ حکومت سڑکوں سے کنٹینر ہٹا کر عوام کے لیے راستے کھولے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور نشرواشاعت کے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت کی چودہ ماہ کی کارکردگی جھوٹے وعدوں ، یو ٹرنز اور ناکامیوں کا مجموعہ ہے۔ معیشت کو ٹھیک کرنے کے بلند و بانگ دعوئوں کی قلعی کھل گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب حکومت سے پوچھا جاتا ہے کہ ایک کروڑ نوکریاں کہاں ہیں تو کہتے ہیں ہم پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کر رہے ہیں۔ ایک گھر میں 10مزدور کام کر رہے ہیں اس طرح کروڑوں لوگوں کو روزگار ملا ہے۔ لیکن جب ان سے پوچھا جاتا ہے کہ وہ پچاس لاکھ گھر کہاں تعمیر ہو رہے ہیں تو آئیں بائیں شائیں کرنے لگتے ہیں۔
سیاسی انارکی بڑھ رہی ہے، ترقی کا شوشہ شروع ہونے سے پہلے ہی ختم: سراج الحق
Oct 27, 2019