اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) پاکستان میں تعینات چین کے سفیر یائو جنگ نے کہا کہ نجی شعبوں کے درمیان مضبوط روابط قائم کر کے پاکستان اور چین کی باہمی تجارت کو مزید بہتر کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان برآمدات کی بہتر ترقی کیلئے اپنی مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن پر توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں اور پاکستان میں جوائنٹ وینچرز کیلئے مزید سازگار پالیسیوں کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے چین کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور سفیر سے ملاقات کی۔ چین کے سفیر نے کہا کہ پاکستان مناسب قیمت پر اعلیٰ معیار کی مصنوعات تیار کر کے برآمدات میں خاطرخواہ اضافہ کر سکتا ہے۔انہوںنے کہا کہ چین میں منعقد ہونے والی چائنہ انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپورٹ ایکسپو 2019ایکسپورٹرز کو چین کی مارکیٹ میں رسائی حاصل کرنے کے عمدہ مواقع فراہم کرے گی اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی کمپنیاںایسی نمائشوں میں شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کیلئے چین پاکستان سے مزید وفود کی حوصلہ افزائی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین کی ٹاپ 10امپورٹس کی نشاندہی کی جائے جس سے پاکستان کو چین کے ساتھ برآمدات بہتر کرنے میںمدد ملے گی۔ آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کیلئے یہ ضروری ہے کہ پاکستان کے سرمایہ کار چین کی ہائی ٹیک کمپنیوں کا دورہ کریں۔