صدرڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کے خودارادیت کے حق کے حصول تک مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی غیر متزلزل،اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔صدر نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنی متعدد قراردادوں میں کشمیریوں کے بنیادی حق کی توثیق کی ہے تاکہ وہ اقوام متحدہ کے زیر اہتمام منصفانہ اور غیر جانبدرارانہ استصواب رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے اس سال 5اگست سے مقبوضہ کشمیر میں 80لاکھ لوگوں کو محصور کررکھا ہے صدر نے کہا کہ بھارت کی قابض فوج خواتین اور بچوں سمیت کشمیری عوام کے خلاف ناقابل بیان جرائم کا ارتکاب کررہی ہے اور انہیں اس حوالے سے مکمل استثنیٰ حاصل ہے۔وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج یوم سیاہ پاکستان اور دنیا بھر میں منایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ستائیس اکتوبر 1947کو بھارت نے جموں وکشمیر پر غیر قانونی تسلط قائم کیا اور اس سال پانچ اگست کو جموں وکشمیر کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے اور کشمیریوں کی شناخت ختم کرنے کیلئے مقبوضہ وادی کی متنازعہ حیثیت تبدیل کردی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام اور امت مسلمہ نے اس اقدام کو یکسر مسترد کردیا ہے۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان کشمیر میں فوری طورپر کرفیو اور مواصلاتی بندش اور بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے خاتمے کا مطالبہ کرتا ہے۔