وزیر اعظم عمران خان کا یوم سیاہ پر قوم اور کشمیریوں کے لیے اہم پیغام، جو لوگ کہتے ہیں کہ ہمیں ہتھیار اٹھانے چاہیے وہ کشمیریوں سے دشمنی کر رہے ہیں

Oct 27, 2019 | 18:58

ویب ڈیسک

وزیر اعظم عمران خان نے یوم سیاہ پر قوم اور کشمیریوں کے لیے خصوصی ویڈیو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج وہ سیاہ دن ہے جب بھارتی افواج کشمیر میں اتریں، اقوام متحدہ نے فیصلہ کیا تھا کہ کشمیر کے لوگوں کو فیصلے کا حق دیا جائے، لیکن کشمیریوں کے ساتھ دھوکا کیا گیا۔

وزیر اعظم نے کہا ہتھیار اٹھانے کی بات کرنے والے کشمیریوں سے دشمنی کر رہے ہیں، ہم نے کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت اور مدد کرنی ہے، مودی کسی بھی واقعے کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنا چاہتا ہے، مودی عالمی سطح پر کسی بھی واقعے کی بنیاد پر پروپیگنڈا کرے گا۔

انھوں نے پیغام میں کہا کہ کشمیریوں کو حق دیا گیا تھا کہ وہ پاکستان کے ساتھ یا بھارت کے ساتھ جائیں، لیکن بھارت نے کشمیریوں کو حق استعمال نہیں کرنے دیا، بھارت کی جانب سے کشمیریوں کو دھوکا دیا گیا، بھارت نے اپنی افواج وادی میں اتار کر قتل عام کیا۔

عمران خان نے کہا مودی نے 5 اگست کو غیر قانونی اقدام اٹھایا جس پر دنیا خاموش ہے، مودی نے الیکشن کے نام پر کشمیریوں کو دھوکا دیا، مقبوضہ کشمیر میں الیکشن کرائے گئے لیکن اس کا مکمل بائیکاٹ کیا گیا، مودی کشمیر میں ریفرنڈم کرا دے پتا چل جائے گا بھارت کہاں کھڑا ہے، میرا پیغام ہے پاکستان کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، پاکستان ہر فورم پر کشمیریوں کا ساتھ دے گا۔عمران خان بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں فوج کشمیریوں کے خلاف رکھی ہوئی ہے، مودی حکومت چاہتی ہے کسی بھی واقعے کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرائیں، پلواما واقعے کے بعد بھی کشمیریوں کے خلاف سخت کارروائیاں کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے کشمیر میں 9 لاکھ فوج کشمیریوں میں دہشت پھیلانے کے لیے رکھی ہیں اور ان کا مقصد ہے کہ وہ انہیں اتنا دبائیں کہ اپنی آزادی کی تحریک سے پیچھے ہٹ جائیں. کشمیریوں کو پیغام ہے کہ سارا پاکستان آپ کے ساتھ ہے اور ہم ہمیشہ آپ کے ساتھ کھڑے رہیں گے جب کہ میں کشمیریوں کا سفیر ہوں، آپ کا وکیل اور ترجمان بھی بنوں گا۔
 

 
 

مزیدخبریں