لاہور (کامرس رپورٹر) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے ستمبر 2020 میں دو ہزار تین سو پینسٹھ نئی کمپنیاں رجسٹر کیں جو کہ گزشتہ مالی سال کے اسی ماہ رجسٹر ہونے والی کمپنیوں کے مقابلہ میں انہتر فی صد اضافے کو ظاہر کرتی ہیں۔ ستمبر میں 99 فیصد کمپنیاں آن لائن رجسٹر ہوئیں جبکہ 40 فیصد کمپنیوں کی رجسٹریشن ایک ہی دن میں مکمل ہوئی۔ اس ماہ رجسٹر ہونے والی کمپنیوں میں انہتر فی صد پرائیویٹ لمیٹڈ، اٹھائیس فی صد سنگل ممبرجبکہ تین فی صد میں پبلک ان لسٹڈ، غیر منافع بخش ایسوسی ایشن اور لمیٹڈ لائیبیلیٹی پارٹنر شپ(ایل ایل پی) شامل ہیں۔ ستمبر میں سب سے زیادہ کمپنیاں تجارت کے شعبے میں رجسٹرڈ ہوئیں جن کی تعداد 414 ہے، کمپنیوں کے سرمایہ کاروں کا تعلق آسٹریلیا، چین، مصر، جرمنی، یونان، ایران، اٹلی، جاپان، نیدرلینڈز، ناروے، سعودی عرب، سنگاپور، متحدہ عرب امارات، برطانیہ، امریکہ اور یمن سے ہے۔ سب سے زیادہ کمپنیاں اسلام آباد میں رجسٹرڈ ہوئی جن کی تعداد 812 آٹھ ہے اس کے بعد بالترتیب لاہور اور کراچی میں 764 اور 348 کمپنیاں رجسٹرڈ کی گئیں۔