فیصل آباد: ساتھی کے بال کاٹنے‘ تشدد پر خواجہ سراؤں کا احتجاج‘ ٹریفک بلاک کر دی

Oct 27, 2020

فیصل آباد (آن لائن) تھانہ بٹالہ کالونی کے علاقہ ہلال روڈ پر اوباش افراد کی طرف سے خواجہ سرا کو بری طرح تشدد کا نشانہ بنانے اور بال کاٹنے پر خواجہ سرا سراپا احتجاج بن گئے۔ ضلع کونسل چوک میں احتجاج کرتے ہوئے روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا اور ملزمان کو جلد گرفتار کر کے سزا دینے کا مطالبہ  کیا۔ احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ دائود نگر کا رہائشی خواجہ سرا زاہد یعقوب کام کے سلسلہ میں جا رہا تھا کہ جب وہ ہلال روڈ پر پہنچا تو اوباش ملزمان عمر حیات، شاہد، عبداﷲ وغیرہ نے اس کو پکڑ کر ڈیرے پر لے جا کر بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا اور زبردستی اس کے سر کے بال کاٹ دیئے، جس پر بٹالہ کالونی پولیس نے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔ بعدازاں پولیس کی طرف سے ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی پر منتشر ہو گئے۔

مزیدخبریں