تحریک انصاف کا ہر وعدہ جھوٹا نکلا، اسلام آباد میں بیٹھی حکومت چند ماہ کی مہمان: بلاول

Oct 27, 2020

کھرمنگ +اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں بیٹھی حکومت چند ماہ کی مہمان ہے۔ گلگت بلتستان کے علاقے کھرمنگ میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران انہوں  نے کہا کہ ہم سب کا مطالبہ ہے کہ ہمیں جمہوری حقوق ملیں، جمہوری جدوجہد میں کھرمنگ کے نوجوانوں کا خون بھی شامل ہے، پیپلز پارٹی انسانی حقوق کی جدوجہد پریقین رکھتی ہے، ہم گلگت بلتستان کے عوام کے آئینی حقوق کی جدوجہد کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان کو اس کی شناخت دلائی اور ایف سی آر کا خاتمہ کیا، یہاں کے عوام کو ووٹ ڈالنے کا اختیار دیا۔ یہ صرف ایک الیکشن نہیں گلگت بلتستان کا مستقبل ہے، تحریک انصاف جھوٹی جماعت ہے، ان کا ہر وعدہ جھوٹا نکلا ہے، ہمیں عوام کو تبدیلی نہیں پی ٹی آئی کی تباہی سے بچانا ہے۔ میں نہیں چاہتا کہ گلگت بلتستان کے عوام کا مستقبل تباہ ہو، پورے ملک میں گندم اور آٹے کا بحران ہے، عمران خان کی پالیسی کی وجہ سے نوجوان بیروزگارہیں، وہ سٹیل مل بند کرکے 10 ہزار مزدوروں کو بے روزگار کرنا چاہتے ہیں۔ وفاقی حکومت، خیبر پی کے اور پنجاب نے تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا لیکن معاشی بحران کے باوجود  سندھ حکومت نے پینشن اور تنخواہوں میں اضافہ کیا۔ ہمیں معاشی بحران، مہنگائی اور غربت کے خاتمے کے لئے عوامی حل چاہیے۔ پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں مہنگائی کا مقابلہ کرنے کے لئے بینظیر انکم سپورٹ جیسا انقلابی منصوبہ شروع کیا۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 100 فیصد اور پینشن میں 150 فیصد اضافہ کیا۔ امید کرتا ہوں کہ گلگت بلتستان کے عوام الیکشن میں صحیح فیصلہ لیں گے، پیپلز پارٹی ہی واحد جماعت ہے جو آپ کے مسائل کا حل نکال سکتی ہے، گلگت بلتستان میں بھی صحت کے مفت ادارے کھڑے کرنا چاہتا ہوں، ہم چاہتے ہیں کہ گلگت کے ہر ضلعے میں یونیورسٹی کا کیپمس ہو تاکہ غریب کا بچہ بھی تعلیم حاصل کرسکے۔ سندھ حکومت نے مزدوروں کے لیے پالیسی بنائی ہے، گلگت کے مزدوروں کے لیے بھی مزدور کارڈ کا پروگرام شروع کریں گے۔ شاندار استقبال نہیں بھول سکتا۔ ایٹم بم کی وجہ سے ہم بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتے ہیں۔ کھرمنگ کے پہاڑوں میں بھٹو شہید نے بھارت کو للکارا تھا۔

مزیدخبریں