لاہور/ اسلام آباد (نیوزرپورٹر+ این این آئی) ڈی سی لاہور مدثر ریاض ملک نے کہا کہ پولیو مہم 26 اکتوبر سے شروع ہو کر 30 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ پولیو مہم میں 18 لاکھ 70 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جانے کا ٹارگٹ پورا کیا جا رہا ہے۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلا رہی ہیں اور پولیو ورکرز کی ٹیموں کی سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ ڈی سی لاہور مدثر ریاض نے کہا کہ تمام ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز پولیو ورکرز کی مانیٹرنگ کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ڈی سی لاہور مدثر ریاض فیلڈ میں متحرک ہے۔ انہوں نے انسداد پولیو مہم کو مؤثر اور کامیاب بنانے کے لئے ہنگامی دورے کیے۔ ڈی سی لاہور نے سمن آباد ہسپتال، سمن آباد کی مختلف یونین کونسلز اور جین مندر کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈی سی لاہور مدثر ریاض نے یوسیز مکینوں سے بھی پولیو ورکرز سے تعاون کی اپیل کی۔علاوہ ازیں ڈی سی لاہور مدثر ریاض نے یو سی 116 جوہر ٹاؤن اور 127 یوسی ماڈل ٹاؤن کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے۔ ڈی سی لاہور مدثر ریاض نے پولیو ورکرز کی کارکردگی اور حاضری کو مانیٹر کیا۔ شہید بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے والدین سے اپنے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے کی اپیل کی ہے۔ جب بھی متعلقہ ہیلتھ ورکرز انسدادِ پولیو قطرے پلانے کیلئے آئیں، اس موقع کو ضائع نہ کریں۔