کراچی(کامرس رپورٹر)ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان(ٹڈاپ)اور نائیجیریا میں پاکستانی ہائی کمیشن کے سرکاری ونگ کے اشتراک سے 29اکتوبر کو نائیجیریا میں تجارت و کاروبار کے حوالے سے ویبنار کا انعقاد کیا جائے گا۔وزارت تجارت کے لک افریقہ پالیسی انیشیٹوکے تحت منعقد ہونے والے اس ویبنار میں نائیجیریا میں تجار ت و کاروبار اور ریگولیٹری معاملات سے متعلق آگہی و معلومات فراہم کی جائیں گی ،اس ویبنار میں نائیجیرین حکومت، اسٹیٹ بینک،وزارت تجارت، انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ اور پاکستان بزنس کونسل دبئی کے نمائندگان سمیت نائیجیریا میں کاروبار و تجارت کے خواہشمند تاجر و صنعتکار شرکت کریں گے ۔ ویبنار میں نائیجیرین ماہر ایکن سینڈا شرکا کو نائیجیرین مارکیٹ اور وہاں سرمایہ کاری و کاروبار کرنے کے حوالے سے معلومات فراہم کرینگے ،اس ضمن میں نائیجیرین حکومت کے قوانین سے متعلق بھی آگاہی فراہم کرینگے۔ٹڈاپ کی جانب سے اس ویبنار کے انعقاد کا مقصد افریقی مارکیٹ اور نائیجیریا میں پاکستانی بر آمدات میں اضافے کے حوالے سے ملکی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی فراہم کرنا ہے۔