پشاور میں دھماکے کے بعد اسلام آباد ، پنجاب،سندھ میں سکیورٹی ہائی الرٹ

پشاور کی دیر کالونی کے مدرسے  میں ہونے والے دھماکے کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔آئی جی اسلام آباد عامر ذوالفقار خان نے وفاقی دارالحکومت کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔اس کے علاوہ اسلام آباد کے ریڈ زون سمیت دیگر سرکاری و غیر سرکاری اہم عمارتوں کی سکیورٹی بھی سخت کر دی گئی ۔آئی جی اسلام آباد نے ہدایت کی ہے کہ ڈی آئی جی آپریشنز و دیگر سینئر افسران خود چیکنگ کی نگرانی کریں۔ آئی جی پنجاب انعام غنی نے بھی پشاور دھماکے کے بعد صوبے بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔پنجاب کے تمام پولیس افسران کو حساس مقامات اور عبادت گاہوں سمیت عوامی مقامات کی سکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ ڈی پی اوز سمیت دیگر افسران فیلڈ میں نکل کر حساس مقامات کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں اور بین الصوبائی و بین الاضلاعی چیک پوسٹوں پر چیکنگ کا عمل مزید مثر بنایا جائے۔انعام غنی  نے کہا  کہ عوامی مقامات پر ڈولفن اور پیرو فورسز کے گشت کے اوقات کار کو مزید بڑھایا جائے۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ تمام اضلاع میں سرچ، سوئپ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے۔ آئی جی سندھ نے پولیس کو کراچی سمیت سندھ بر میں الرٹ رہنے کے احکامات جاری کردیئے ۔آئی جی سندھ نے پولیس کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی سطح پر سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کریں، پولیس پیٹرولنگ، پکٹنگ، اسنیپ چیکنگ موثر اور کامیاب بنائیں۔جاری کردہ ہدایات میں مزید کہا گیا کہ ایس پیز، ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز اپنی موجودگی یقینی بناتے ہوئے مساجد، امام بارگاہوں و دیگر پبلک اور اہم مقامات پر سیکیورٹی غیرمعمولی بنائیں۔خیال رہے کہ پشاور کے علاقے دیر کالونی کی مسجد میں ہونے والے دھماکے میں 7 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن