تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی میں فنڈز کی کمی کو آڑے نہیں آنے دیا جائے گا:اعجاز عالم آگسٹین

 صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے کہا ہے کہ بزدار حکومت صوبے میں بسنے والے ہر مذہبی اقلیتی باشندے کے حقوق کی محافظ ہے اور انہیں تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی میں فنڈز کی کمی کو آڑے نہیں آنے دیا جائے گا جبکہ مسیحی برادری نے ملک کی تعمیر و ترقی میں ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کیا جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہاکہ ماہ ربیع الاول کا مقدس مہینہ چل رہا ہے جو کہ مسلمانوں کی خوشیوں اور برکتوں میں اضافہ کا باعث سمجھا جا تا ہے تاہم ایسے وقت میں مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنا ناقابل برداشت ہے اور پوری دنیا کی امت مسلمہ کے ہمراہ پاکستان بھر میں بسنے والی تمام مذہبی اقلیتیں بھی فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی پر زور مذمت کرتی ہے۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے  گاسپل چرچ،ساہیوال میں مسیحی برادری کے نمائندوں اور پادری حضرات سے خصوصی ملاقات میں کیا۔ملاقات میں ضلع ساہیوال کی مسیحی آبادیوں میں جاری ترقیاتی پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ اس موقع پراقلیتی ممبر قومی اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری شنیلہ روت،بشپ ابراہام عظیم ڈنیئل،پاسٹرپیٹر عمران،پاسٹر آرتھر ڈنیئل اور پاسٹر عزم جان بھی میں موجود تھے۔صوبائی وزیر نے دوران خطاب کہاکہ گستاخانہ خاکوں پر پوری دنیا کی امت مسلمہ میں اضطراب پایا جاتا ہے جبکہ عمران خان نے پوری دنیا پر واضح کردیا کہ اس طرح کی گستاخی کسی طور پر قبول نہیں کی جائیگی۔صوبائی وزیر نے مزید کہاکہ مالی مشکلات کے باوجود پنجاب حکومت گرجا گھروں کی بہتری اور سیکورٹی پر خطیر رقم خرچ کر رہی ہے اور ضلع ساہیوال کی تمام مسیحی آبادیوں اور دیہات میں بجلی کی فراہمی،صحت کی سہولیات کی دستیابی،تعلیم کے فروغ اور سیوریج کی سینکڑوں سکیموں پر کام جاری ہے جسے مقررہ مدت میں ختم کیا جائے گا۔ انہوں نے مسیحی برادری پر زور دیا کہ وہ ملک کی تعمیر وترقی میں اپنا اہم کردار بھر پور طریقے سے ادا کرتے رہیں،حکومت ان کی مشکلات کو کم کرنے کے لئے ترقیاتی کام جاری رکھے گی۔ اجلاس میں مسیحی رہنماؤں نے برادری کو در پیش مسائل سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا جسے ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔

ای پیپر دی نیشن