سہولت بازاروں سے عوام الناس کو تازہ، معیاری اور سستی سبزیاں اور پھل مل سکیں گے :راجہ راشد حفیظ ن

Oct 27, 2020 | 22:19

  انسداد ذخیرہ اندوزی و گراں فروشی مانیٹرنگ سیل کے ضلعی انچارج صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے عوام الناس کو اشیائے خورد ونوش کی سستے داموں فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے قائم کئے گئے سہولت بازاروں کے دورے کے دوران خریداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انتظامی افسران سے مشاورت کرکے شہر کے مضافاتی علاقوں میں سبزیوں و پھلوں کے کاشتکاروں سے براہ راست رابطہ کرکے منڈیوں میں بیٹھے ان آڑھتیوں جو ذخیرہ اندوزی اور مہنگائی کا سبب بن رہے ہیں کا کردار ختم کرنے کے اقدامات کریں گے تاکہ ناجائز منافع خوری کا موثر سدباب ہو سکے۔ اس طرح عوام الناس کو تازہ، معیاری اور سستی سبزیاں اور پھل مل سکیں گے۔راجہ راشد حفیظ نے سید پور روڈ حیدر چوک میں قائم سہولت بازار کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں کے منتظم عملے سے اشیائے خوردو نوش کی سپلائی، معیار اور قیمتوں کے بارے میں معلومات لیں۔ انہو ں نے عملے کو ہدایت کی کہ وہ خریداری کے لئے آنے والے خواتین وحضرات کے ساتھ ساتھ سٹال ہولڈرز کی سہولیات کو بھی یقینی بنائیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ چیزوں کا معیار کم نہ ہو اور نہ ہی وہ مقررہ نرخوں سے زائد پر فروخت کی جائیں۔ انہوں نے مختلف سٹالوں پر جا کر دکانداروں سے بھی گفتگو کی اور ان سے اشیاء کی سپلائی کے بارے میں پوچھا۔ راجہ راشد حفیظ نے خواتین اور مرد خریداروں سے بھی گفتگو کی. انہوں نے کہا کہ اگرآڑھت مراکز یا منڈیوں میں بیٹھے ناجائز منافع خورمافیا کا کردار ختم یا کم سے کم کر دیا جائے تو کوئی وجہ نہیں کہ روز مرہ استعمال کی سبزیاں اور پھل عوام کو ارزاں نرخوں پر نہ مل سکیں۔ یہ آڑھتی ایک جانب کاشتکاروں کا استحصال کر تے ہیں اور انہیں پوری قیمت ادا نہیں کرتے اور دوسری جانب اشیاء خرید کر انہیں محفوظ طریقے سے ذخیرہ کر لیتے ہیں جو وقت آنے پر کئی گنا زیادہ قیمتوں پر مارکیٹ میں پھینک دیتے ہیں۔ ان میں سے بہت سارے لوگوں کی ہمدردیاں حکومت مخالف سیاسی جماعتوں کے ساتھ ہیں جو اپنے سیاسی آقاؤں کی اشیر باد اور خواہش پر مصنوعی مہنگائی پیدا کرکے حکومت کو ناکام بنانے کی کاوشوں میں پیش پیش ہوتے ہیں. اس وقت بھی یہ عناصر منظم طریقے سے مصنوعی مہنگائی پیدا کرکے حکومت کو ناکام ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس معاملے کو اپوزیشن جماعتیں ایک ٹول کے طور پر استعمال کر رہی ہیں، عوام الناس کو یہ بات سمجھنی چا ہیے۔ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ وہ وزیر اعلی پنجاب اور کابینہ کے اپنے ساتھیوں کے سامنے یہ تجویز رکھیں گے کہ ہر ضلع اور تحصیل میں متعلقہ افسران مقامی کاشتکاروں سے ان کی ایسی اجناس جو روز مرہ استعمال ہوتی ہیں براہ راست خرید کر سہولت بازاروں میں سپلائی کریں تاکہ مڈل مین کے طور پر انتہائی ناجائز منافع کمانے اور حکومت و عوام کیلئے مسائل پیدا کرنے والے ان آ ڑھت مافیاؤں کو لگام دی جا سکے۔

مزیدخبریں