لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی کے ایوان نے نکاح نامے کے فارم میں ختم نبوت کا حلف شامل کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔ ایوان میں چار مسودات قوانین بھی متعارف کرائے گئے جنہیں متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کر کے دوماہ میں رپورٹ طلب کر لی گئی۔ اپوزیشن کی ریکوزیشن پر بلایا گیا اجلاس ایک گھنٹہ 51منٹ کی تاخیر سے سپیکر چودھری پرویزالٰہی کی صدارت میں شروع ہوا۔ آغاز میں ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان، مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی پرویز ملک، نشاط احمد ڈاہا کی وفات اور رحیم یار خان میں ڈاکوئوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ سابق ایم پی اے پیٹر گل کی وفات پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ مسلم لیگ (ق) کی خدیجہ عمر، بسمہ چوہدری اور مولانا الیاس چنیوٹی کی جانب سے نکاح نامے کے فارم میں ختم نبوت کا حلف شامل کرنے کیلئے پیش کی گئی مشترکہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ اجلاس میں یونیورسٹی آف لاہور ترمیمی بل 2021، راشد لطیف خاں یونیورسٹی بل 2021، پنجاب کیمونٹی سیفٹی میرز ان سپورٹس اینڈ ہیلتھ کلبز اور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور 2021 بل ایوان میں متعارف کروا دئیے گئے جنہیں سپیکر نے متعلقہ قائمہ کمیٹیوںکے سپرد کر کے دوماہ میں رپورٹ طلب کرلی۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی نے قرآن ایکٹ اور ختم نبوت کے حوالے سے متعلق قانون متفقہ طور پر پاس کیا تھا، اب بہت سے ایسے کیس سامنے آ رہے ہیں کہ شادی کے بعد دولہا قادیانی نکلا اس کے سدباب کیلئے نکاح نامے میں بھی ختم نبوت کا حلف نامہ شامل کرنا بہت ضروری ہے تاکہ نکاح ہونے سے پہلے ہی تمام شکوک و شبہات دور کر لیے جائیں۔ قرارداد میں کہا گیا کہ ’’پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان حکومت پنجاب سے اس امر کا مطالبہ کرتا ہے کہ مسلمان اور غیر مسلم (قادیانی، احمدی وغیرہ) میں فرق واضح کرنے کیلئے نادرا فارم اور پاسپورٹ فارم میں مندرج حلف نامے کی طرز پر The Muslim Family Laws Ordinance 1961 کے تحت وضع کیے ہوئے قواعد کے قاعدہ نمبر 8 اور 10 کے تحت مجوزہ نکاح نامہ فارم میں بھی ختم نبوت کا مندرجہ ذیل حلف نامے کے ساتھ واضح طور پر کالم شامل کیا جائے‘‘۔ یہ حلف نامہ یوں ہے ’’میں مسلمان ہوں اور نبی حضرت محمد ﷺ کے آخری، حتمی اور غیر مشروط خاتم النبیین ہونے پر ایمان رکھتا/ رکھتی ہوں۔ میں ایسے کسی بھی شخص کو نہیں مانتا/ مانتی جو حضرت محمدﷺ کے بعد لفظ ’’نبی‘‘ کی کسی بھی تشریح یا کسی بھی ممکنہ حوالے سے نبی ہونے کا دعویٰ کرے، یا نبوت کے ایسے مدعی کو نبی یا مذہبی مصلح، یا مسلمان ہی نہیں مانتا/ مانتی ہوں۔ میں مرزا غلام احمد قادیانی کو جھوٹا نبی سمجھتا/ سمجھتی ہوں اور اس کے لاہوری یا قادیانی گروپ سے تعلق رکھنے والے پیروکاروں کو غیر مسلم سمجھتا/ سمجھتی ہوں‘‘۔ سپیکرنے مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی نشاط احمد ڈاہا کی وفات پر کارروائی مختصر کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج بدھ صبح ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کر دیا۔