لاہور (سٹاف رپورٹر + کامرس رپورٹر) پاکستان ریلوے نے پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر ٹرینوں کے کرایوں میں مجموعی طور پر 15فیصد اضافہ کر دیا ہے۔ مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں 10فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ جبکہ فریٹ ٹرینوں کے کرایوں میں 5فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔ کرایوں میں اضاٖہ کے حوالے سے محکمہ ریلوے کی جانب سے خصوصی کمیٹی بنائی گئی تھی۔ جس کی سفارشات کے بعد ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ کے فیصلہ کیا گیا ہے۔ جبکہ کامرس رپورٹر کے مطابق گزشتہ روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت میں90پیسے کا اضافہ ہوا اور اس کی قیمت فروخت 176.40روپے ہو گئی۔ واضح رہے کہ رواں مالی سال میں ابتک اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت میں 17.60روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ 2جولائی کو ڈالر کی قیمت فروخت 158.80روپے تھی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق دوسری جانب ملک بھر میں سونے کی قیمت یکدم بڑھ گئی اور فی تولہ کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں محض 2 ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد عالمی مارکیٹ میں قیمت 1 ہزار 804 امریکی ڈالر ہو گئی ہے۔ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 4200 روپے کا اضافہ دیکھا گیا اور فی تولہ قیمت ایک لاکھ 32 ہزار روپے ہو گئی ہے۔