لاہور (اپنے نامہ نگار سے) سپریم کورٹ بار کی صدارت کے عاصمہ جہانگیر گروپ کے امیدوار احسن بھون کے اعزاز میں گذشتہ روز ٹی پارٹی کا انعقاد کیا گیا۔ ڈاکٹر جاوید اقبال آڈیٹوریم میں تقریب میں احسن بھون نے کہا کہ ملکی سیاست کا دارومدار قانون اور آئین پر عملداری میں ہے۔ اس معاملے میں وکلا کا اہم کردار ہوتا ہے۔ بنچ اور بار میں توازن ضروری ہے۔ کوئی بھی کام آئین کے خلاف ہو تو وکلا راستے میں حائل نظر آتے ہیں۔ ہم وکلا کی فلاح و بہبود کے لیے مکمل لائحہ عمل رکھتے ہیں اور ہماری کوشش ہو گی کہ وکلا کو تمام سہولیات جو انکا حق ہے انہیں دی جائیں۔ جس طرح ماضی میں وکلا کی فلاح و بہبود کے لئے کام کیا ہے اسی طرح وہ آئندہ بھی کریں گے۔ عاصمہ جہانگیر گروپ نے ہمیشہ وکلا کے کام کو ترجیح دی ہے۔ اس موقع پر سینئر وکلاء نے ڈائس پر آ کر احسن بھون کی حمایت کا اعلان کیا۔ ہال میں موجود وکلاء کی کثیر تعداد نے احسن بھون کے حق میں جذباتی نعرے لگائے۔ احسن بھون کے حامیوں میں نوجوان وکلا کی بڑی تعداد بھی تقریب میں موجود تھی۔ انکی طرف سے بار بار یہ نعرہ ’’ تیرا جنون میرا جنون، احسن بھون احسن بھون‘‘ لگایا جاتا رہا۔