اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) وزیراعظم عمران خان نے چین کے صدر شی جن پنگ سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے انہیں چینی کمیونسٹ پارٹی کی صد سالہ تقریب پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم آفس کے مطابق عمران خان اور شی جن پنگ میں علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور پاک چین سٹرٹیجک تعاون پر مبنی شراکت داری کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ جبکہ وزیراعظم نے غربت کے خاتمے کی جنگ میں بے مثال فتح، اصلاحات اور چین کی شاندار ترقی کو سراہا۔ وزیراعظم عمران خان نے کرونا کے خلاف چین کے اقدامات کی تعریف کی۔ وزیراعظم آفس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی تازہ صورتحال اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی بات چیت کی۔ وزیراعظم اور چینی صدر نے مختلف شعبوں میں تعاون سمیت پاک چین اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے سی پیک میں چینی سرمایہ کاروں کی دلچسپی کا خیر مقدم کیا۔ وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر کو جلد دورہ پاکستان کی بھی دعوت دی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان چین دوستی کے 70 سال مکمل ہونے پر ایک دوسرے کو مبارکباد بھی دی۔ وزیراعظم عمران خان اور برطانوی شہزادہ چارلس میں ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ برطانوی سفارتخانے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق عالمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ پرنس آف ویلز نے 10 بلین ٹری منصوبے پر وزیراعظم کو مبارکباد دی۔ شہزادہ چارلس نے افغانستان کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ عمران خان نے ازبکستان کے صدر کو ٹیلی فون کیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے ازبک صدر کو دوسری بار منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔
پاکستان،چین اقتصادی تعلقات مزید منصوبے بنانے پر اتفاق
Oct 27, 2021