اسلام آباد/ ریاض، تہران (خصوصی نامہ نگار+این این آئی + نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ریاض میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود اور تہران میں ایرانی ہم منصب سے ملاقات کی۔ جس میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور سفارتخانے کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر خارجہ نے خادمین الحرمین الشریفین سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ شاہ محمود قریشی نے ماحولیات کے حوالے سے بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد پر سعودی ہم منصب کو مبارکباد پیش کی۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ماحولیات کے حوالے سے منعقدہ یہ کانفرنس، خطے میں اپنی نوعیت کی پہلی کانفرنس ہے۔ انہوںنے کہاکہ توقع ہے کہ اس کانفرنس کے انعقاد سے خطے کے ممالک کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے مضمرات سے نمٹنے کے لیے علاقائی نقطہ نظر اپنانے میں مدد ملے گی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر بھی بات چیت کی،دونوں وزرائے خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ شاہ محمود قریشی نے دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے بین الاقوامی سطح پر بالخصوص اقوام متحدہ اور او آئی سی فورمز پر دوطرفہ تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ وزیر خارجہ نے سعودی ہم منصب کو افغانستان میں ابھرتے ہوئے انسانی بحران کے خطرے سے آگاہ کرتے ہوئے افغانستان میں دیرپا امن اور معاشی استحکام کیلئے عالمی برادری کی جانب سے ٹھوس اور مئوثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ادھر شاہ محمود قریشی نے ایرانی ہم منصب کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا ایرانی وزیر خارجہ سے افغان صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ افغانستان میں قیام امن پورے خطے کے مفاد میں ہے۔ عالمی برادری افغانستان کو ممکنہ انسانی بحران سے بچانے کیلئے معاونت کرے۔ افغان عوام کی معاونت کیلئے منجمد اثاثے بھی فوری بحال کئے جانے چاہئیں۔ افغانستان میں امن کیلئے ایران اور پاکستان ایک پیج پر ہیں۔ افغانستان میں امن سے خطے میں تجارت بڑھے گی۔شاہ محمود قریشی نے ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی۔ شاہ محمود نے ایران کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر ایران کی مسلسل حمایت اور تائید پر صدر رئیسی کا شکریہ ادا کیا۔ رئیسی نے وزیر خارجہ کو ایران آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے صدر رئیسی کو دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا۔ صدر رئیسی نے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ باہمی مشاورت سے مناسب تاریخ پر پاکستان کا دورہ کرنے کے منتظر ہیں۔