فرانسیسی سفیر کی بے دخلی کے سوا تمام مطالبات منظور،کالعدم تنظیم سڑکیں کھول دے،شیخ رشید


لاہور‘ راولپنڈی‘ اسلام آباد (نمائندہ خصوصی‘ اپنے سٹاف رپورٹر سے‘ نمائندہ نوائے وقت‘ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کالعدم ٹی ایل پی کی جانب سے فرانسیسی سفیر کی ملک سے بے دخلی کے معاملے میں حکومت اور 22 کروڑ عوام کی مجبوریاں ہیں۔ ہم بین الاقوامی دباؤ میں آجائیں گے، کسی سفارتخانے کو بند کرنے یا سفارتی عملے کو نکالنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔ فرانسیسی سفیر کی بے دخلی کے سوا تمام مطالبات مان لئے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیم کی جانب سے راستے کھول دینے کا انتظار کررہے ہیں کیونکہ انہوں نے منگل کو  راستے کھول دینے کا وعدہ کیا تھا۔ فرانسیسی سفیر کی ملک سے بے دخلی کے علاوہ کوئی دوسرے تحفظات نہیں ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے ایک مرتبہ پھر دہرایا کہا کہ دیگر مسائل قابل ذکر نہیں ہیں لیکن سفارتکار کی بے دخلی سے یورپی ممالک کے ساتھ مسائل جنم لیں گے جبکہ ہم معاشی اور دیگر بحران کا سامنا کررہے ہیں۔  وزیر داخلہ  نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری ہو چکا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید 19 نومبر تک ڈی جی آئی ایس آئی رہیں گے۔ افواہوں کا طوفان ختم ہو گیا۔ وزیراعظم اور افواج پاکستان ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیم کے فرانسیسی سفیر کی بے دخلی کے علاوہ تمام مطالبات مان لیے گئے ہیں۔ امید کرتا ہوں ایسا فیصلہ کریں جس سے کوئی بدمزگی نہ پھیلے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ کالعدم تنظیم نے سڑکیں کھولنے کا وعدہ کیا تھا، ابھی تک دونوں اطراف کی سڑکیں ابھی نہیں کھولی گئیں، اگر معاملہ پارلیمنٹ میں لیکر جائیں گے تو پھر اپوزیشن مل جائے گی اور مسئلہ پیدا کرے گی۔ دوسری جانب کالعدم تنظیم کے رہنما پیر عنایت الحق شاہ نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ حکومت  ٹی ایل پی کے ساتھ مذاکرات میں سنجیدہ نہیں ہے۔ ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ حکومتی وفد سے ہونے والی ملاقات انتہائی مایوس کن رہی۔ شیخ رشید مسلسل کہتے رہے کہ میں تو کمیٹی  میں آنا ہی نہیں چاہتا تھا۔ تنظیم کے رہنما نے آرمی چیف اور چیف جسٹس سے درخواست کی کہ وہ اپنا کردار ادا کریں۔ پی ٹی آئی میں بعض لوگ سیاسی شہید بننا چاہتے ہیں۔ دوسری طرف گوجرانوالہ کے اطراف جی ٹی روڈ 5ویں روز بھی بند رہا۔ سادھوکی کے مقام پر کنٹینرز موجود جبکہ مریدکے میں جی ٹی روڈ پر کالعدم تنظیم کے مظاہرین کا دھرنا جاری رہا۔ کالعدم تنظیم کی ریلی مریدکے میں ہی موجود ہے۔ مریدکے سے نارووال اور شیخوپورہ جانے والی سڑکیں پھر بند کردی گئیں۔ شہریوں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ وزیر آباد کے مولانا ظفر علی خان چوک میں بھی کنٹینر لگے ہوئے ہیں۔ دریائے چناب پل کے قریب کھودی گئی خندق کے باعث وہاں آمدو رفت مکمل بند ہے جبکہ دریائے چناب کے پل کو ریت کے ڈھیر لگا کر بند کیا گیا۔ دوسری جانب کالعدم تنظیم کے دھرنے اور شاہراہ کی بندش کے باعث گوجرانوالہ ریلوے سٹیشن پر رش بڑھ گیا۔ حکومت کی جانب سے مذہبی جماعت کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں یا ناکام تاہم پولیس نے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں جس میں کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاریاں کی گئیں۔ پیپر گن ، ٹیئر شیل، ٹیئر ہینڈ گرینیڈ اور ڈنڈوں کا استعمال کیا جائے گا۔ لاہور پولیس کے تمام ایس ایچ اوز، ڈی ایس پیز‘ ایس پیز آپریشن ونگ، انویسٹی گیشن ونگ، سکیورٹی ڈویژن، اینٹی رائٹ فورس اور ڈولفن کی نفری بھی دھرنے کے لیے بھجوائی جائے گی۔ لاہور پولیس کے پندرہ ہزار سے زائد افسران اور اہلکار گوجرانوالہ بھجوائے جائیں گے جہاں  مذاکرات ناکام ہونے کے بعد ممکنہ گرینڈ آپریشن کیا جائے گا۔ ادھر ممکنہ آپریشن کی تیاریوں کے سلسلہ میں لاری اڈا میں گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ شروع کر دی، ٹرانسپورٹرز نے گاڑیاں دینے سے انکار کر دیا۔ کالعدم تنظیم کے ممکنہ فیض آباد کی جانب مارچ اور دھرنا کے معاملہ پر پنجاب کے چار اضلاع کے ڈی پی اوز کی خدمات آر پی او راولپنڈی عمران احمد کے سپرد کر دی گئیں۔ ایس پی ڈاکٹر فہد بٹالین ٹو پنجاب کانسٹیبلری روات‘ ایس پی سی ٹی ڈی ڈاکٹر رضوان بھی آج راولپنڈی پہنچیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کو کالعدم جماعت سے ہونے والے مذاکرات سے متعلق آگاہ کردیا گیا، کل کابینہ میں بحث ہوگی، جس کے بعد اہم فیصلے متوقع ہیں۔ ذرائع کے مطابق کالعدم جماعت اور تاجروں کے احتجاج کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت بنی گالہ میں اہم اجلاس ہوا۔ وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے وزیر اعظم کو  مذاکرات سمیت دیگر امور سے آگاہ کیا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...