لاہور+ فیصل آباد (نیوز رپورٹر + نمائندہ خصوصی) وزیراعلی عثمان بزدار نے فیصل آباد کا 6 گھنٹے طویل دورہ کیا اور تقریباً 9 ارب روپے کے81 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔ عثمان بزدار فیصل آباد آمد کے فوراً بعد چائلڈ پروٹیکشن انسٹی ٹیوٹ پہنچے اور اس کا افتتاح کیا۔ مقامی ہوٹل میں رورل ہیلتھ سنٹر کھرڑیانوالہ کی اپ گریڈیشن اور تاندلیانوالہ میں کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر کے منصوبوں کا افتتاح کیا۔ عثمان بزدار نے 8ارب 16 کروڑ روپے کے 78 ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ میگاپراجیکٹ کی وال کا بھی معائنہ کیا۔ عثمان بزدار نے بتایا کہ 145 کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیرو مرمت کے 10 منصوبے3ارب 40کروڑ روپے سے مکمل ہوں گے۔ لوکل گورنمنٹ 2020-21 ADP کے تحت610 ترقیاتی منصوبے2 ارب 7 کروڑ سے مکمل ہوں گے۔ فیصل آباد کے اکنامک زون میں 50 سے زائد چینی کمپنیاں سرمایہ کاری کر چکی ہیں۔ اگلے سال تک سرمایہ کاری کرنے والی چینی کمپنیوں کی تعداد 150 سے بڑھ جائے گی۔ کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے کسان کارڈ جیسا انقلابی پروگرام متعارف کرایا۔ فیصل آباد کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے بھرپور مینڈیٹ سے نوازا۔ فیصل آباد والوں کا عمران خان سے رشتہ محبت کا رشتہ ہے جسے مزید مضبوط کریں گے۔ جب اقتدار میں آئے تو خزانہ خالی اور حکومت مقروض تھی۔ اس کے بعد کرونا آگیا۔ کرونا کی وجہ سے ساری دنیا مہنگائی کا سامنا کر رہی ہے ۔ ہماری ساری توجہ ہیلتھ سیکٹر پر ہے۔ صوبے میں ادویات کی کوئی کمی نہیں۔ بلدیاتی الیکشن کرانا چاہتے ہیں۔ ایکٹ اسمبلی میں پیش کیا جائے گا اور اس کے پاس ہونے پر بلدیاتی الیکشن کی طرف آئیں گے۔ سپریم کورٹ کے حکم پر نہ صرف بلدیاتی اداروں کو بحال کیا بلکہ ان کو سہولیات بھی دے رہے ہیں۔ مسائل اور رکاوٹیں آتی رہتی ہیں۔ حکومت کا کام ان مسائل کو حل اور رکاوٹوں کو دور کرنا ہے۔ بلوچستان حکومت کی تبدیلی کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جمہوریت میں آپ جس کو نمائندہ بنانا چاہتے ہیں بنا سکتے ہیں۔ پنجاب میں کوئی ایسی تحریک آئی تو پھر دیکھیں گے-قبل ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چائلڈ پروٹیکشن انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کیا اور بے آسرا بچوں کیلئے سہولتو ں کا جائزہ لیا۔ عثمان بزدار نے انسٹی ٹیوٹ میں مقیم بچوں سے ملاقات کی اور ان سے شفقت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار بچوں میں گھل مل گئے۔ بچوں کے ساتھ مل کر کیک کاٹا اور بچوں کو تحائف دئیے۔ بچوں نے اپنے ہاتھ سے بنائے کارڈز وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو دیئے جس پر وزیراعلیٰ نے بچوں کا شکریہ ادا کیا ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بچوں کے ساتھ تصویریں بنوائیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انسٹی ٹیوٹ میں مقیم بچی کو اس کے والدین کے حوالے کیا۔ بعدازاں اجلاس میں فیصل آباد کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ عثمان بزدار نے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈائون جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کی جگہ جیل ہے۔ عوام کو ریلیف دینے کیلئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔عوام کو کسی صورت مہنگائی مافیا کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن پریشان نہ ہو،حکومت ہر صورت 5 سال پورے کرے گی۔حکومت مضبوط ہے،اپوزیشن صرف واویلا کررہی ہے۔ حکومت مہنگائی سے نمٹنے کے لئے بہت جلد پیکج کا اعلان کرے گی۔عوام کے مسائل اور مشکلات کا مکمل احساس ہے۔ وزیر اعظم جلد عوام کو مہنگائی سے بچانے کیلئے پیکیج کا اعلان کرینگے۔ وزیراعلیٰ نے تعلیم و صحت سمیت دیگر محکموں کی70 ہزار خالی آسامیاں پر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ بیروزگاری کے خاتمے کیلئے 70 ہزار فوری نوکریاں فراہم کررہے ہیں۔ پولیس کی کارکردگی کے حوالے سے شکایات پر ایکشن لیں گے۔ ملتان میں ٹینک چوک پر کرونا ویکسی نیشن موبائل سینٹر کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عثمان بزدار نے کہا کہ کرونا ویکسی نیشن کے لئے گھر گھر مہم لانچ کردی ہے اور روزانہ10 لاکھ افراد کی کورونا ویکسی نیشن کا ٹارگٹ مقرر کیا ہے۔ سردار عثمان بزدار سے فیصل آباد میں تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈرز‘ گڈگورننس کمیٹی کے ارکان‘ وکلاء ونگ اور یوتھ ونگ کے عہدیداروں نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ فیصل آباد تحریک انصاف کا گڑھ ہے۔ عثمان بزدار نے کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارتی غیرقانونی قبضے والے کشمیر کی خصوصی حیثیت بدل کر مودی سرکار نے اخلاقی‘ سفارتی حدود کو پار اور سیاسی قوانین کو پامال کیا۔ بھارتی سرکار گولیوں کے ذریعے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو نہیں کچل سکتی۔ کشمیر میں بھارتی حکومت کی ظلم و تشدد کی پالیسی ناکام ہو چکی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ڈی پی او سیالکوٹ عاطف نذیر کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
فیصل آباد میں9ارب کے پراجیکٹس کا افتتاح،سنگ بنیاد،70ہزارنوکریاں فوری دے رہے ہیں:عثمان بزدار
Oct 27, 2021