خوشحال پاکستان کرپشن کیخلاف کوششوں سے ہی ممکن:چئیر مین نیب

Oct 27, 2021


اسلام آباد (نامہ نگار) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کرپشن کے خاتمہ کیلئے اجتماعی کوششوں کی اشد ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ نسلوں کیلئے ایک بہتر اور خوشحال پاکستان کرپشن کے خلاف کوششوں سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کا ارتکاب کرنے والا اپنی حیثیت اور اختیار کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ذاتی فوائد سمیٹتا اور بددیانتی کا مرتکب ہوتا ہے۔ کرپشن نہ صرف  تمام برائیوں کی جڑ ہے بلکہ یہ ریاست کی معیشت، سماجی انصاف اور معیار زندگی کو بھی بری طرح متاثر کرتی ہے۔ ترقی  اور سرمایہ کاری کے لئے ہر قیمت پر کرپشن کو ختم کرنا ہو گا۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ کرپشن ملک کیلئے ایک چیلنج بن چکی ہے، ترقی یافتہ ملکوں میں ایسے پائیدار اقدامات کئے گئے ہیں جن کے ذریعے کرپشن کم ترین سطح پر آ گئی ہے۔ ترقی پذیر ملکوں میں ابھی یہ تشکیل کے مرحلہ میں ہے۔ منی لانڈرنگ، کرپشن، اختیارات کا ناجائز استعمال، معلوم ذرائع آمدن سے زائد اثاثے بڑے چیلنجز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے انفورسمنٹ کے ساتھ ساتھ آگاہی و تدارک پر بھی توجہ مرکوز کی ہے۔  نیب احتساب سب کیلئے کی پالیسی کو اختیار کرتے ہوئے پاکستان سے کرپشن کے خاتمہ کیلئے تمام وسائل اور ذرائع بروئے کار لا رہا ہے اور پاکستان کو کرپشن سے پاک کرنے کیلئے اپنے عزم پر پوری طرح قائم ہے۔ نیب کی کاوشوں کو تمام معتبر قومی اور بین الاقوامی اداروں نے سراہا جوکہ نیب کی وجہ سے پاکستان کے لئے اعزاز کی بات ہے۔

مزیدخبریں