اسلام آباد(نا مہ نگار)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ تعلیم بالخصوص خواتین کی تعلیم ہی قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا واحد ذریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی تعلیم یافتہ خواتین سے جڑی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک تعلیم یافتہ معاشرے کے قیام کے لیے تخواتین کا تعلیم یافتہ ہونا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت خواتین کی تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کرنے والی نصرت بھٹو وویمن یونیورسٹی سکھر کے طلبا اور فیکلٹی ممبر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان نسل کو دوسروں کی خدمت کے اہداف کے حصول کا عزم ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ محنت اور عزم وہ صفات ہیں جو کسی بھی انسان کو اپنے مقاصد حاصل کرنے کے قابل بناتے ہیں۔ انہوں نے طلبا پر زور دیا کہ وہ اپنی زندگی میں سخت محنت اور لگن کو اپنا اشعار بنا کر اپنے مقاصد کو حاصل کر سکتے ہیں۔