لاہور(لیڈی رپورٹر) صوبائی وزرا سید یاور عباس بخاری اور کرنل(ر) ہاشم ڈوگر نے کہا کہ ’صفائی نصف ایمان ہے‘ سے زیادہ اہم صفائی کا کوئی پیغام نہیں ہوسکتا، ہاتھ دھونے کا بین الاقوامی دن منانے کا مقصد یہ ہے کہ ہم صفائی کی اہمیت معاشرے میں زیادہ سے زیادہ اجاگر کریں۔ انہوںنے ان خیالات کااظہار گزشتہ روز ہاتھ دھونے کے عالمی دن کے حوالے سے مقامی ہوٹل میںمنعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا۔ صوبائی وزیر سماجی بہبود یاور عباس نے کہا کہ ہاتھوں کو دھونا ایک معمولی کام ہے لیکن اس عمل کے ذریعے ہم کئی طبی پیچیدگیوں سے بچ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کا یہ پیغام صرف اپنی ذات تک محدود نہیں رہنا چاہئے بلکہ اسے زیادہ سے زیادہ پھیلانا چاہئے۔ وزیر بہبود آبادی ہاشم ڈوگر نے کہا کہ وہ صفائی کا پیغام اپنے محکمے کے پلیٹ فارم سے عام کریں گے۔ حفظان صحت کے اصولوں پر عمل کر کے بیماریوں کو دور بھگایا جا سکتا ہے۔مشیر وزیراعلیٰ حنیف پتافی نے کہا کہ بیماری عام طور پر گندے ہاتھوں سے شروع ہوتی ہے۔ اگر ہم سب صفائی کے اصولوں کو اپنا لیں تو صحت کے شعبے پر زیادہ اخراجات کی ضرورت نہیں پڑے گی۔