کراچی(نیوز رپورٹر ) عمر شریف انسان اور انسانیت کی خدمت کے جذبے سے بھرپور فنکار تھے، پاکستانی قوم عمر شریف کو کبھی بھلا نہیں پائے گی، یہ بات ملک کے سینئر فلم اسٹار مصطفی قریشی نے کراچی پریس کلب کی کلچرل کمیٹی اور پاکستان فلم اینڈ ٹی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ تعزیتی پروگرام بعنوان ’’عمر شریف کی یادیں باتیں‘‘ میں خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر قاری حامد محمود نے تلاوت ، نعت اور گلوکار عارف انصاری نے حمد پیش کی جبکہ پروگرام میں اداکار بہروز سبزواری، شہزاد رضا، سلومی، گلوکار حسن جہانگیر، جمال اکبر، تنویر آفریدی، فیصل ندیم، یونس میمن، ایوب کھوسہ، ایاز خان، نذر حسین، ر?ف عالم، شکیل صدیقی، سلیم آفریدی، محسن رضوی کے علاوہ عمر شریف کے صاحبزادے جواد عمر ، ماہر تعلیم عبدالمجیدابدانی، ارشد ملک ، حفیظ انصاری، اسٹار مارکیٹنگ کے محمود احمد خان، سابق رکن قومی اسمبلی ریحان ہاشمی اور آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ کے علاوہ امریکہ سے بذریعہ فون فلم اسٹار ریما اور لاہور سے غلام محی الدین نے بھی اظہار خیال کیا اور عمر شریف کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عمر شریف ہمارے دلوں میں زندہ رہے گا، اس جیسا نہ کوئی تھا اور نہ ہوگا، کراچی پریس کلب کی کلچرل کمیٹی کے سیکریٹری عبدالوسیع قریشی اور فلم ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین اطہر جاوید صوفی نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا، نظامت کے فرائض اختر علی اختر نے انجام دیے، مصطفی قریشی نے مزید کہا کہ حکومت کو فنکاروں کے لئے فنڈز قائم کرنا چاہیے تاکہ کسی دکھ بیماری کی صورت میں فوراً اس کی مدد کی جاسکے عمر شریف کو بھی بروقت سہولیات نہ مل سکیں اور ان کے جانے میں تاخیر ہوئی، شہزاد رضا نے کہا کہ عمر شریف نے اسٹیج ڈرامہ آسان کردیا تھا ان کی ہر بات میں جادو تھا۔ آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ نے کہا کہ میں عمر شریف کے ’’ماں اسپتال‘‘ کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے اس کے بچوں سے ہر ممکن تعاون کروں گا، عمر شریف کے صاحبزادے جواد عمر نے کہا کہ مجھے اپنے والد پر فخر ہے، ان کا دین سے بہت لگا? تھا، ہمیں بھی نصیحت کرتے تھے کہ تم اچھے انسان بن کر لوگوں کی خدمت کرو میں کوشش کروں گا کہ اپنے والد کے نقش قدم پر چلوں، اداکار بہروز سبزواری نے کہا کہ عمر شریف ہمارا بہت اچھا ساتھی تھی وہ اپنی بیٹی سے بہت محبت کرتا تھا، اس کی خاص بات یہ تھی کہ وہ تین دن میں ڈرامہ لکھ لیا کرتا تھا، تقریب کے دوران عالمی شہرت یافتہ نعت خواں صدیق اسماعیل نے نعت رسول پیش کرکے عمر شریف کو خراج عقیدت پیش کیا، اسٹار مارکیٹنگ کے محمود احمد خان نے عمر شریف کے بچوں کو اپنے تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ عمر شریف سچے پاکستانی تھے، رکن قومی اسمبلی ریحان ہاشمی نے کہا کہ فنکاروں اور صحافیوں کے لئے فنڈز کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے، تقریب کے آخر میں سعود خبیب نے عمر شریف کی مغفرت کیلئے دعا کرائی۔
مصطفی قریشی
عمر شریف انسانیت کے جذبے سے بھر پور فنکار تھے‘ مصطفی قریشی
Oct 27, 2021