کراچی (نیوز رپورٹر) انڈونیشیاء کے کراچی میں تعینات قونصل جنرل ڈاکٹرجون کنکورو نے کہا کہ غذائی تحفظ دور حاضر کی اہم ضرورت ہے جس کے لئے اقدامات اٹھانا تمام اقوام کی ذمہ داری ہے، غربت اور بھوک کے مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔ غذا میں نیوٹریشن والے کھانوں کی کلیدی حیثیت ہے جس سے انسانی صحت کو لاحق خطرات کو کم کیا جاسکتا ہے۔ غذائی تحفظ کے لئے پالیسی سازی اور سیاسی کمٹمنٹ لازم ہے، یہ پوری دنیا کا مسئلہ ہے۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ کھانوں کو ایک مناسب قیمت پر فراہم کیا جائے تاکہ غربت پر بھی قابو پایا جاسکے۔ ہمیں مشترکہ طورپر غذائی قلت کے خاتمے کے لئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ ورلڈ فوڈ ڈے ایک ایسا دن ہے جو غذائی تحفظ کے مسئلہ پر ایک وسیع تر قومی اور بین القوامی لائحہ عمل بنانے کی ترغیب دیتا ہے۔ بھوک صرف غذائی کمی کو نہیں کہتے بلکہ بقدرضرورت معیاری غذاتک رسائی نہ ہونا بھی اس میں داخل ہے۔میں اس بہترین پروگرام کے انعقاد پرصدر شعبہ فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر شاہینہ ناز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے شعبہ فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی جامعہ کراچی کے زیر اہتمام عالمی یوم خوراک کی مناسبت سے شعبہ ہذا کے یونائیٹڈ کنک ہال میں منعقدہ سیمینار بعنوان: ’’بہترپیدوار،بہترغذا،بہترماحول اور بہترزندگی‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمو دعراقی ، 25 سے زائد مختلف صنعتوں کے مالکان اور سی ای اوز،غذائی امورکے ماہرین اور پروفیسر ڈاکٹرشاہینہ ناز بھی موجود تھیں۔اس موقع پر پر فوڈ ایکسپو کا بھی انعقاد کیاگیاتھاجس میں مختلف کمپنیوں کی جانب سے اسٹالز بھی لگائے گئے تھے اور طلبہ کے مابین پوسٹرکمپٹیشن اورجامعہ کراچی سمیت سندھ کی مختلف جامعات کے طلباوطالبات کی جانب سے عضرحاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ان کی تیارکردہ مصنوعات بھی نمائش کے لئے پیش کئی گئیں جس کو حاضرین نے بیحدسراہا۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر خوراک کے بحران سے ترقی پذیرممالک زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور ہم خوراک میں کسی حد تک خود کفیل ضرور ہیں،لیکن ہمارے یہاں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ نہیں کیا جارہاہے۔ پاکستان میں غذائی قلت کی ایک بڑی وجہ بڑھتی ہوئی آبادی ہے ،جس کا ادراک اور حل وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انڈونشین قونصل جنرل