نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 2 روپے 51 پیسے فی یونٹ اضافہ منظورکرلیا

اسلام آباد: مہنگائی میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں 2 روپے 51 پیسے فی یونٹ اضافہ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 2 روپے 51 پیسے کا اضافہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں منظور کیا۔ نیپرا سے بجلی فی یونٹ 2 روپے 66 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔ستمبر کیلئے بجلی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ بجلی مہنگی کرنے سے متعقل سنٹرل پاور پرچیز ایجنسی کی درخواست پر سماعت چیئرمین نیپرا کی سربراہی میں ہوئی۔ نیپرا حکام نے کہا کہ میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی سے 2 ارب نقصان ہوا۔
سماعت کے دوران نیپرا حکام نے بتایا کہ ستمبر میں 2 ارب 7 کروڑ سے زائد اضافہ بوجھ پڑا۔ ایل این جی کی طلب 950 جبکہ فراہمی 660 ایم ایم سی ایف ڈی رہی۔ ایل این جی کی کمی سے 1 ارب 10 کروڑ روپے سے زائد بوجھ پڑ گیا۔
چیئرمین نیپرا نے دورانِ سماعت استفسار کیا کہ فرنس آئل گیس کے مقابلے میں زیادہ کیوں استعمال ہوا۔ سی پی پی اے ایل این جی خریداروں کو بر وقت آگاہ کیوں نہیں کرتا؟ سستے ایندھن کا تعین ہونا چاہئے۔ وائس چیئرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ آٹھ، 10ماہ سے آر ایل این کےمسائل درپیش ہیں۔
وائس چیئرمین نیپرا نے کہا کہ فیول کی پلاننگ بروقت کیوں نہ ہوئی؟ طلب 950 تھی اور سوئی گیس کو 800 ایم ایم سی ایف ڈی ملی، مطلب یہ کہ طلب نہیں دیکھی گئی۔ کیا صارفین کو کیپسٹی کی ادائیگی کرتے رہنا ہوگی؟ ایڈیشنل سیکریٹری پاور ڈویژن نے بھی دلائل دئیے۔
ایڈیشنل سیکریٹری نے کہا کہ ستمبر میں بجلی کی طلب میں 7فیصد اضافہ ہوا، ایل این جی کی فراہمی میں مشکلات ہیں، نئے ٹرمینلز بن جانے تک ایل این جی کی فراہمی میں مسائل آئیں گے۔ پاور ڈویژن نے جنوری تک 4ماہ کی ایل این جی کی طلب فراہم کردی ہے۔
پاور ڈویژن کے ایڈیشنل سیکریٹری نے کا کہ فروری تک بجلی کی پیداوار کیلئے فرنس آئل کی طلب بھی فراہم کردی گئی۔ نیپرا حکام کا کہنا تھا کہ ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے تحت 2 روپے 51 پیسے بنتے ہیں۔ اگست میں 1 روپے 95 پیسے فی یونٹ ایف سی اے کی مد میں چارج ہوئے۔
حکام کا کہنا تھا کہ اگست کی نسبت ستمبر میں 56 پیسے زیادہ چارج کیے جاسکتے ہیں۔ نیپرا نے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 2 روپے 51 پیسے اضافہ کرنے کی منظوری دے دی۔ اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔
اس حوالے سے حکام کا کہنا ہے کہ صارفین کو آئندہ ماہ کے بلوں میں اضافہ ادا کرنا ہوگا۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے بعد اپنا فیصلہ بعد میں جاری کرے گی۔ بجلی کی قیمت میں 2روپے 51پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی گئی۔ 

ای پیپر دی نیشن