آبی وسائل ہماری پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی، متوازن ماحولیاتی نظام اور خود انسانی بقا کیلئے بنیادی حیثیت رکھتے ہیں: مونس الٰہی

Oct 27, 2021 | 19:08

ویب ڈیسک

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی نے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین کے ہمراہ ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں انہیں واپڈا کے ترقیاتی پورٹ فولیو اور پانی کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیشرفت کے بارے میں آگاہی دی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مونس الٰہی نے آبی وسائل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کیونکہ یہ ہماری پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی، متوازن ماحولیاتی نظام اور خود انسانی بقا کیلئے بنیادی حیثیت رکھتے ہیں اسی لیے وفاقی حکومت ملک میں پانی کی صورتحال کو بہتر بنانے اور نیشنل گرڈ میں ہائیڈل بجلی کے تناسب کو بڑھانے کیلئے پانی اور پن بجلی کے منصوبے بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واپڈا ڈیمز کی تعمیر کے سلسلے میں پانی اور پن بجلی کے10 سے زائد ڈیمز کے منصوبوں پر کام کر رہا ہے، یہ منصوبے جن میں دیامربھاشا ڈیم، مہمند ڈیم، داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، نئی گج ڈیم، سندھ بیراج اور کے فور پراجیکٹ شامل ہیں جو ایک ایک کر کے تکمیل کو پہنچنے والے ہیں، ان منصوبوں کی تکمیل کے بعد مجموعی پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 13 ملین ایکڑ فٹ سے بڑھ کر 24 ملین ایکڑ فٹ سے زیادہ ہو جائے گی جس میں 11.7 ملین ایکڑ فٹ کا اضافہ ہو گا، جو مزید 1.6 ملین ایکڑ اراضی کو سیراب کرنے کیلئے کافی ہے اور کراچی اور پشاور کو پینے کیلئے 950 ملین گیلن یومیہ فراہم کرے گا، 9000 میگاواٹ کے اضافے کے ساتھ نصب ہائیڈل کی پیداواری صلاحیت کو دوگنا کرکے 18000 میگاواٹ سے تجاوز کر جائے گا۔ مونس الٰہی نے کہا کہ یہ منصوبے تعمیر کے دوران تقریباً 35 ہزار ملازمتوں کے مواقع بھی فراہم کریں گے۔ وفاقی وزیر نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ ان منصوبوں کو واپڈا اپنی ٹائم لائن کے مطابق مکمل کر سکے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزارت آبی وسائل واپڈا کے منصوبوں کی بروقت تکمیل میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔

مزیدخبریں