اسلام آباد ؍ کراچی (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف سندھ نے فیصل واوڈا کی بنیادی رکنیت معطل کر دی۔ پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی نے فیصل واوڈا کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔ علی زیدی نے کہا کہ فیصل واوڈا دو دن میں وضاحت دیں کہ کیوں نہ ان کی بنیادی رکنیت معطل کی جائے؟۔ فیصل واوڈا کی رکنیت معطل کر دی گئی ہے جب تک معطل ہیں میڈیا پر پی ٹی آئی کی نمائندگی نہیں کر سکتے۔ اسلام آباد سے اپنے سٹاف رپورٹر کے مطابق فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مجھے فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس سمجھ میں نہیں آئی، لیکن فیصل واوڈا نے لانگ مارچ میں خون خرابے کا غلط بیان دیا۔ پی ٹی آئی ایک پرامن جماعت ہے۔ ہمارے لانگ مارچ میں کوئی خون خرابہ نہیں ہوگا۔ تحریک انصاف کے رہنماء علی زیدی نے کہا ہے کہ فیصل واوڈا نے ہمارے لانگ مارچ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ اپنے بیان میں علی زید ی نے کہا کہ دلچسپ بات یہ ہے کہ تمام چینلز اور پی ٹی وی نے بھی پریس کانفرنس دکھائی، یہ واضح ہے کہ امپورٹڈ حکومت نے ان کو لانچ کیا۔ سیکرٹری جنرل تحریک انصاف اسد عمر نے کہا ہے کہ فیصل واوڈا کا بیان پارٹی پالیسی یا نکتہ نظر نہیں ہے، اپنے بیان میں انہوں نے کہا پارٹی چیئرمین عمران خان کی جانب سے پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر فیصل واوڈا کوشوکاز نوٹس جاری کر یں۔ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ فیصل واوڈا نہ جانے کس کی ایما پر یہ سب بول رہے ہیں، لانگ مارچ پر امن ہے، لاشوں کی سیاست عمران خان کا شیوہ نہیں۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ ارشد شریف شہید پر سیاست نہ کی جائے، لانگ مارچ پر امن ہوگا اسے خراب کرنے کی سازش ناکام ہو گی۔