وزیراعظم کا یکم نومبر سے دورہ چین یادداشتوں‘ معاہدوں پر دستخط متوقع

Oct 27, 2022


اسلام آباد  (خبر نگار خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف یکم نومبر سے چین کا دو روزہ دورہ کریں گے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سمیت اعلی سطح کا وفد بھی ان کے ہمراہ ہوگا، وزیر اعظم کو اس دورے کی دعوت عوامی جمہوریہ چین کی ریاستی کونسل کے وزیراعظم لی کی چیانگ نے دی ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق اس سال اپریل میں وزارت عظمی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد وزیراعظم محمد شہباز شریف کا چین کا پہلا دورہ ہو گا۔ وزیراعظم دورہ کے دوران صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے اور وزیراعظم لی کی چیانگ کے ساتھ وفود کی سطح پر بات چیت کریں گے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے دورے کے دوران فریقین باہمی سٹریٹجک تعاون کی شراکت داری کا جائزہ لیں گے اور علاقائی اور عالمی پیش رفت پر خیالات کا تبادلہ کریں گے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس دورے میں مختلف شعبوں میں مفاہمت کی متعدد یادداشتوں، معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں جبکہ وسیع پیمانے پر دوطرفہ تعاون کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور سی پیک جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی کے 27 اکتوبر کو ہونے والے11ویں اجلاس کے تناظر میں سی پیک تعاون کی رفتار کو مستحکم کرنے کی بھی توقع ہے۔بیجنگ سے شنہوا کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان ونگ وین بن نے بدھ کو  روزانہ کی نیوز بریفنگ میں ایک سوال  کے جواب میں بتایا شہباز شریف کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 20 ویں قومی کانگریس کے اختتام کے بعد چین کا دورہ کرنے والے پہلے غیرملکی رہنما ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان  دوستی اور سٹرٹیجک باہمی اعتماد کاثبوت ہے۔ چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین لی ژانشو بھی شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔

مزیدخبریں