ریاستی دہشتگردی مزید ایک شہید:بھارتی قبضے کیخلاف کشمیری اض یوم سیاہ منائیں گے

Oct 27, 2022


سرینگر+اسلام آباد (آئی این پی + این این آئی+خصوصی رپورٹر)   مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے ایک اور نوجوان کو شہید کر دیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فورسز نے شوپیاں کے علاقے میں کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔نوجوان کو نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران جعلی مقابلے میں شہید کیا گیا۔ شوپیاں اور دیگرعلاقوں کی ناکہ بندی کردی گئی ہے۔ بھارتی فوجیوں نے لوگوں کوزبردستی گھروں میں محصور کر دیا ہے۔گھر گھر تلاشی کے دوران متعدد نوجوانوں کو گرفتاربھی کرلیا گیا ہے۔جبکہ ضلع بارہمولہ میں گزشتہ روز ایک حملے میں بھارتی فوج کا ایک اہلکار شدید زخمی ہو گیا۔ دوسری جانب کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے جس کا مقصد دنیا کو یہ واضح پیغام دینا ہے کہ بھارت نے جموں و کشمیر پر غیر قانونی طور پر اور کشمیریوں کی امنگوں کے خلاف قبضہ کر رکھا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں آج عوام مکمل ہڑتال اور سول کرفیو نافذ کریں گے۔ ہڑتال اور یوم سیاہ منانے کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے۔ حریت کانفرنس نے بیان میں عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم پر مجرمانہ خاموشی ترک کرے اور بھارت کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دینے پر مجبور کرانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ 

مزیدخبریں