اسلام آباد (خبر نگار) درد اور بخار کی دوائی کی سپلائی کا معاملہ حل ہوگیا۔ فارما سیوٹیکل مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن کی وزیرخزانہ اسحاق ڈارسے ملاقات میںدوائی کی مطلوبہ آدھی قیمت بڑھانے پر اتفاق ہوگیا۔ فارما کمپنی کے تحفظات دور ہونے پر دوائی کی پیداوار کی یقین دہانی کروا دی گئی۔ سابق چیئرمین فارماسیوٹیکل کمپنی ایسوسی ایشن قاضی منصور دلاور خان نے کہا ہے کہ جلد ملک میں بخاراوردرد کی دوائی کی قلت دور ہو جائے گی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ سے مذاکرات کامیاب رہے۔ کمپنی جلد پیداوار کے بعد دوائی کی ترسیل شروع کرے گی۔ فارماسیوٹیکل کمپنیوں نے بخار کی 500ملی گرام کی گولی کی موجودہ قیمت ایک روپیہ ستاسی پیسے تھی جسکی قیمت دو روپے ستاسٹھ پیسے کرنے کا مطالبہ کیا تھا لیکن گفت وشنید کے بعد 2روپے 35پیسے جبکہ ایکسٹرا کی موجودہ قیمت دو روپے انیس پیسے تھی بڑھا کر تین روپے بتیس پیسے کرنے کا مطالبہ کیا گیا تاہم گفت وشنید کے بعد دو روپے پچھتہر پیسے کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ اسلام آباد میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقات ہوئی جس میں بخار کی گولی کی قیمت کا جائزہ لیا گیا۔ وزارت خزانہ کے مطابق فارماسیوٹیکل کمپنیوں نے بخار کی 500ملی گرام کی گولی کی قیمتیں طے کر لی گئی ہیں۔ وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ فارماسیوٹیکل کمپنیوں سے طے ہوا ہے کہ بخار کے سیرپ کی قیمت104روپے آٹھ پیسے سے بڑھا کر 117روپے 60پیسے فی بوتل ہوگی۔ وزارت خزانہ کے مطابق فارماسیوٹیکل کمپنیوں نے بخار کی ادویات کی تیاری شروع کردی ہے۔
مذاکرات کامیاب،بخار کی دوامہنگی، گولی 2.35سیرپ 117.60روپے کا ہوگیا
Oct 27, 2022