اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نیوز رپورٹر + سپیشل رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی قیادت میں حقیقی آزادی مارچ 28 اکتوبر کو لبرٹی سے شروع ہو گا۔ لاہور کے آگے 29 اکتوبر کو پیش قدمی کرتے ہوئے چار نومبر کو اسلام آباد پہنچے گا۔ مارچ ریڈ زون داخل نہیں ہو گا، حقیقی آزادی مارچ کا تفصیلی پروگرام جاری کر دیا گیا۔ مرکزی سیکرٹری جنرل تحریک انصاف اسد عمر نے بدھ کے روز تفصیلات جاری کر تے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ 29 اکتوبر کو لاہور سے روانہ ہو گا۔ حقیقی آزادی مارچ مریدکے، کامونکی، گوجرانوالہ، ڈسکہ، سیالکوٹ سے گزرے گا۔ اسد عمر نے کہا کہ اس کے علاوہ لانگ مارچ سمبڑیال، وزیرآباد، گجرات، لالہ موسیٰ، کھاریاں سے گزرے گا، انہوں نے کہا کہ جہلم، گوجر خان، راولپنڈی سے ہوتے ہوئے انشاء اللہ عمران خان چار نومبر کو اسلام آباد پہنچیں گے اور سارے پاکستان سے قافلے بھی 4 نومبر کو اسلام آباد پہنچیں گے۔ سیکرٹری جنرل تحریک انصاف اسد عمر نے کہا کہ چار نومبر کے جلسے/دھرنے کیلئے G-9 اور H-9 کے درمیان گرائونڈکی درخواست ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو ارسال کر دی گئی ہے۔ 28 اکتوبر کو شروع ہونے والا لانگ مارچ جی ٹی روڈ کے ذریعے اسلام آباد پہنچے گا۔ لانگ مارچ صرف دن کے اوقات میں آگے بڑھے گا۔ عمران خان کی تقریر کے بعد جی ٹی روڈ پر جہاں رات ہوگی وہیں قیام ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق لانگ مارچ کا آغاز 28 اکتوبر بروز جمعہ کو لبرٹی چوک سے ہو گا اور پہلے روز شاہدرہ تک ہی جائے گا، لانگ مارچ کلمہ چوک سے براستہ فیروز پور روڈ جائے گا۔ عمران خان لانگ مارچ کے پہلے روز شرکا سے آزادی چوک پر خطاب کریں گے۔ لانگ مارچ کے دوسرے روز کا آغاز شاہدرہ چوک سے ہو گا۔ ضلع اور تحصیل سطح پر قائم کمیٹیاں شرکاء کے لیے انتظامات کریں گی جبکہ لانگ مارچ کے شرکاء کو سفری سہولیات اور کھانا پینا بھی فراہم کیا جائے گا۔ خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور شمالی پنجاب کے قافلوں کو جمعہ کے روز اسلام آباد پہنچنے کی تاریخ بتائی جائے گی۔ انصاف لائرز فورم کے وکلاء نے تحریک انصاف لانگ مارچ میں بھرپور شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ بار میں انصاف لائرز فورم کا اجلاس۔ صدارت مرکزی آرگنائزر شاداب جعفری ایڈووکیٹ نے کی جبکہ خواتین ممبران نے بھی شرکت کی۔پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد نے اسلام آباد میں حقیقی آزادی تحریک کے سلسلے میں تاریخی دھرنے کیلئے درخواست انتظامیہ کو جمع کروا دی ، صدر اسلام آباد ریجن علی نواز اعوان کے دستخط سے جمع کروائی گئی درخواست میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف حقیقی آزادی مارچ کے سلسلے میں سابق وزیر اعظم پاکستان و چیئرمین عمران خان کی قیادت میں سری نگر ہائی وے نزد ہفتہ وار بازار ایچ نائن میں 4 نومبر سے احتجاجی دھرنا دینے جارہی ہے درخواست میں کہا گیا ہے ایچ نائن کی جگہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے احتجاجی مظاہروں کے لیے مختص کی ہے اور ہم قانون کے مطابق وہیں دھرنا دیں گے، علی نواز اعوان نے کہا کہ توقع ہے اسلام آباد انتظامیہ ہمارے اس حق کی راہ میں رکاوٹیں پیدا نہیں کرے گی۔